مہم جوئی کا عوامی حمایت بھر سے بھر پور جواب ، بھارت مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا : آرمی چیف 

Dec 04, 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر شاہ نے کہا ہے کہ ملکی مسلح افواج مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ اگر دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے رکھ چکری سیکٹر میں فرنٹ لائن دستوں کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز نے استقبال کیا۔ آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے افسران اور سپاہیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مشکل حالات میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ قابلیت اور جنگی تیاریوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے  کہا کہ فوج نے بھارتی قیادت کی جانب سے حال ہی میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں اور کشمیر کے حوالے سے دیے گئے انتہائی غیرذمہ دارانہ بیانات  کا نوٹس لیا ہے۔ واضح طور پر بتا دوں ملکی مسلح افواج مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ اگر دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کی تو بھی جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ آرمی چیف جنر ل سید عاصم منیر شاہ نے مزید کہا کہ پاک فوج عوامی حمایت سے کسی بھی مہم جوئی کا جواب بھرپور طاقت سے دے گی، بھارت کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی دنیا کو انصاف یقینی بنانا چاہیے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیئے جانے کا وعدہ پورا کیا جائے۔

مزیدخبریں