اسلام آباد( شنہوا‘ آئی این پی)ملک بھر میں عالمی وبا کرونا وائرس کے وار جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 24 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں،قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ)کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 6 ہزار 554 کرونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں،این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 554 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 24 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں،اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح 0.37 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کرونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 29 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے کہا ہے کہ دنیا کوویڈ19وبا کا ہنگامی مرحلہ ختم کرنے کے بہت قریب ہے، تاہم اس نے یہ انتباہ بھی کیا کہ اومی کرون اب بھی دنیا بھر میں تیزی سے گردش کرتی ہوئی اموات کی بڑی تعداد کا باعث بن رہا ہے۔ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم گبریسس نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم یہ کہنے کے قابل ہونے کے بہت قریب ہیں کہ وبا کا ہنگامی مرحلہ ختم ہو گیا ہے لیکن حقیقت میں ہم ابھی اس مقام پر نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ اومی کرون اپنے پیشرو ڈیلٹا وائرس کے مقابلے میں زیادہ تیز رفتاری سے منتقل ہونے کی صلاحیت کا حامل ثابت ہوا ہے اور منتقلی کی زیادہ شدت کی وجہ سے زیادہ اموات کا باعث بن رہا ہے۔
کرونا