کراچی(اسپورٹس رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، رکن قومی اسمبلی و رکن رابطہ کمیٹی کشور زہرہ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضٰی وہاب نے معذور افراد کے لیے اسپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔اس موقع پر کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر معذور افراد کیلئے ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کی رکن کشور کی خصوصی کوششوں سے اسپورٹس کمپلیکس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس پر کشور زہرہ کو جتنا سراہا جائے وہ کم ہے۔انہوں نے کہا کہ آج معذور افراد کا دن نہیں بلکہ پرسن وڈاسپیشلٹی کا عالمی دن ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ معذور افراد ہمارے معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں انکو نظر انداز کرنے کے بجائے انکی صلاحیتوں کو تراشا جائے اور انکی داد رسی کی جائے تاکہ انکا حوصلہ بلند ہواور یہ افراد ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں سے یہ ثابت کردیں کہ یہ نہ صرف عام لوگوں کی طرح اپنی زندگی گزار سکتے ہیں۔ اس موقع پر کشور زہرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کیلئے اسپورٹس کمپلیکس بنانے کا مقصد یہ ہے کہ معذور افراد کو بھی وہ تمام سہولتیں فراہم کی جائیں جو عام افراد کو میسر ہیں۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر مرتضٰی وہاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ وہ واحد صوبہ ہے جہاں معذور افراد کیلئے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا ہوا ہے اور پاکستان کے پہلے شہر کراچی میں معذور افراد کیلئے اسپورٹس کمپلکس کے قیام کا سہرا کشور زہرہ آپا کے سر جاتا ہے جنہوں نے اسکا خواب دیکھا اور پھر اسکو پا ئے تکمیل تک پہنچایا اور میں کشور زہرہ آپا کو معذور افراد کیلئے انکی وقتی ضروریات پوری کرنے اور سہولتیں فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی ، سی او سی، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضٰی وہاب و دیگر افراد بھی موجود تھے۔
معذور افراد کی صلاحیتوں کو تراشا جائے،ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی
Dec 04, 2022