چانسلر کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس‘ جامعہ زکریا کے سروس سٹرکچر کی منظوری

ملتان(خصوصی رپورٹر) بہاء الدین زکریا یونیورسٹی  ملتان سینٹ کے 11 ویں اجلاس کی صدارت گورنر پنجاب و چانسلر بلیغ الرحمن  نے کی ۔ اجلاس میں گورنر پنجاب نے بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے پہلے سروس سٹرکچر (سٹیچوز) کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ گورنرپنجاب نے 1975  میں قائم ہونے والی بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے اپنے باضابطہ سٹیچوز کی پچاس سال کے بعد تکمیل پر باضابطہ طور پر منظوری دی جس میں گریڈ ایک سے بائیس تک کے تمام ملازمین کا سروس سٹرکچر  شامل ہے ۔   اجلاس میں متفقہ طور پر بجٹ 2020,2021,2022,2023 کی باقاعدہ منظوری دی گئی جبکہ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے لیے ڈاکٹر فواد رسول کی بطور ممبر تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیکلٹی آف لاء کو علیحدہ کردیاگیا اور فیکلٹی آف کامرس ، بینکنگ اینڈ فنانس و ایڈمنسٹریشن کو علیحدہ کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ چیئرمین سینٹ و گورنر نے ایک نقطہ اعتراض پر پرووائس ڈاکٹر علیم احمد خان کی زیرنگرانی ایک کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات جاری کیے۔  اجلاس میں نومینی کلچر کے تحت شعبہ پاکستان سٹڈیز بطور پاکستان سٹڈی سنٹر بنانے ، ڈیپارٹمنٹ آف فلاسفی اینڈ انٹر ڈسپلینری بنانے اور سنٹر فار ریسرچ ان سوشیالوجی اور سوشل پالیسی ان دی ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی جبکہ پیس اینڈ کائونٹر ایکسٹریم ازم ریسرچ سنٹر ایٹ دی ڈیپارٹمنٹ پولیٹیکل سائنس بنانے کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔ ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی نے قرارداد پیش کی کہ 25 فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس جوکہ گریڈ 1 تا 19 کو دیا جا رہا ہے وہ 20 اور 21 گریڈ کو بھی دیا جائے۔ اسی طرح وفاق کی طرز پر 15 فیصد الاؤنس زکریا یونیورسٹی کے اساتذہ، افسران اور ملازمین کیلئے بھی جاری کیا جائے جس پر گورنر نے استفسار کیا کہ کیا یہ الاؤنس سینڈیکیٹ سے منظور ہیں جس پر ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی نے بتایا کہ اگر سینیٹ اصولی طور پر منظور کر لیا جائے تو سینڈیکیٹ کے اگلے اجلاس میں منظور کر لیا جائے گا۔ جس پر گریڈ 1 تا 19 کیلئے 15 فیصد الاؤنس ایوان کی کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن