خصوصی افراد کو ہمدردی نہیں ،عزت و احترام کی ضرورت ہے، سبطین خان 

Dec 04, 2022


لاہور ( خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو ہمدردی نہیں بلکہ عزت و احترام اور اخلاقی سپورٹ کی ضرورت ہے۔ انہیں زندگی کی دوڑ میں شامل کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکتی ہے۔ خصوصی افراد میں کسی بھی عام فرد سے زیادہ صلاحیتیں پوشیدہ ہیں۔ انہیں مواقع فراہم ہوں تو یہ حیران کن نتائج کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔پنجاب حکومت سپیشل نفوس کی تعلیم و تربیت، ترقی، ہنرمندی اور روزگار کے حوالے سے ہنگامی و ترجیحی اقدامات کر رہی ہے۔ خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے پنجاب اسمبلی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان کی زیر صدارت غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے سکولوں میں پڑھنے والے خصوصی بچوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی اور آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔ 


آگاہی واک کی قیادت سپیکر محمد سبطین خان اور ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا نے کی جبکہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک، اراکین اسمبلی سائرہ رضا ، فوزیہ عباس اور غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عامر محمود جعفری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پنجاب اسمبلی میں منعقدہ تقریب کے دوران سپیکر محمد سبطین خان نے خصوصی بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔تقریب میںاراکین اسمبلی سائرہ رضا اور فوزیہ عباس نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں سپیکر محمد سبطین خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ ان کو اپنے بچوں کی طرح رکھ رہے ہیںتو اللہ ان کو اجر دے اور مخیر حضرات سے میں اپیل کروں گا کہ ان اداروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور یہ پوری قوم اگر ایک دوسرے کی مدد کر ے گی ایک دوسرے کو سپورٹ کرے گی تو تب جا کہ اس طرح کے انسٹی ٹیوشن کامیاب ہوتے ہیں۔

مزیدخبریں