جو روٹ گیند کو ساتھی کھلاڑی کے سر پر رگڑتے رہے ، کمنٹیٹرز‘شائقین قہقہے لگانے پر مجبور

Dec 04, 2022


لاہور(سپورٹس رپورٹر) راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز گیند چمکانے کا نیا طریقہ دریافت کرلیا گیا۔کرکٹ قوانین میں حال ہی میں گیند کو چمکانے کیلئے تھوک کے استعمال پر پابندی لگادی گئی ہے جس کے بعد گزشتہ روز انگلینڈ کے بہت ہی سنجیدہ دکھنے والے کھلاڑی جو روٹ نے گیند کو چمکانے کیلئے ایسا طریقہ اپنایا کہ میچ میں کمنٹری کرنے والوں کے علاوہ دیکھنے والے بھی قہقہے لگانے پر مجبور ہوگئے۔راولپنڈی میں 72ویں اوور کے اختتام پر سب کچھ نارمل تھا کہ اس دوران جو روٹ کی جانب سے گیند کو چمکانے کا نیا انداز دیکھ کر سب کی توجہ اسی طرف چلی گئی اور سب ہنس پڑے۔انگلش بیٹر جو روٹ نے اپنی ہی ٹیم کے سپن بائولر جیک لیچ جو کہ دھوپ سے بچنے کیلئے کیپ پہنے ہوئے تھے ان کی کیپ اتار کر گیند کو ان کے سر پر مختلف جگہوں پر رگڑا تاکہ وہ صاف اور چمک سکے۔جو روٹ نے اپنا کام مکمل ہونے کے بعد جیک لیچ کو واپس کیپ بھی پہنائی اور آگے چلے گئے۔اس موقع پر جیک لیچ نے بھی کوئی اعتراض نہیں کیا جبکہ انگلش ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی قوانین کے باعث گیند چمکانے کے اس طریقے کو مجبوری سمجھ کر اس پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔جو روٹ کی اس انوکھی اور دلچسپ حرکت پر کمنٹری باکس میں بیٹھے کمنٹیٹر بھی چپ نہ رہ سکے اور انہوں نے خوب قہقہے لگائے۔انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے اس دلچسپ انداز کو سوشل میڈیا پر بھی بہت پسند کیا جارہا ہے۔

مزیدخبریں