لاہور (نامہ نگار) شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق برکی کے علاقے پیرا گون سٹی میں رکشہ سوار 3ڈاکوؤں نے چائنیز باشندے چینگ زو چین کے گھر میں گھس کر اس کے ہاتھ پاؤں رسیوں سے باندھ دئیے اور گھر سے 23لاکھ روپے، 2موبائل فون، 130کلو انسانی بال، ڈی وی آر، ایل ای ڈی اور یو پی ایس اور یوپی ایس کی بیڑی لوٹ کر فرار ہو گئے ہیں۔ پولیس نے ورادات میں 26 لاکھ 40ہزار روپے کے نقصان کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع کی مدد سے تلاش کیا جا رہا ہے اور ملزموں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ ڈاکوؤں نے مناواں کے علاقے میں شہباز کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 4لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، گلبرگ کے علاقے میں امجد اور اس کی فیملی سے3لاکھ 30ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، ڈیفنس کے علاقہ میں عابد سے 2 لاکھ روپے اور موبائل فون، شاہدرہ کے علاقہ میں سلیم سے ڈیڑھ لاکھ روپے اور موبائل فون، ٹاؤن شپ میں اکرم سے39ہزار روپے اور موبائل فون، گلبرگ میں وقاص 24ہزار روپے اور موبائل فون، سمن آباد میں زبیر سے19ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوہنگ فخر الدین کے گھر سے 4لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ چوروں نے ڈیفنس، ماڈل ٹاؤن اور سندر کے علاقوں سے3 کاریں، ہنجروال سے رکشہ جبکہ اقبال ٹاون، وحدت کالونی، شفیق آباد گرین ٹاؤن،گلشن روای، جوہر ٹاؤن اور ریس کورس کے علاقوں سے7موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔
ڈاکے