بیگم نجمہ حمید کی نماز جنازہ آج سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی میں ادا کی جائے گی

Dec 04, 2022



راولپنڈی (عزیز علوی) سینیٹر بیگم نجمہ حمید راولپنڈی کی سیاست میں انمٹ نقوش چھوڑ کر اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ ہنس مکھ، ملنسار، شفیق اور انسانی ہمدردی راولپنڈی کے شہریوں میں ان کی وجہ شہرت تھی۔ عملی سیاست میں آنے سے پہلے بیگم نجمہ حمید معاشرہ میں کمزور معاشی حالات سے دوچار خواتین کا سہارا بنیں۔ سابق صدر جنرل محمد ضیاء الحق کے دور میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں وہ میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی کونسلر منتخب ہوئیں تو انہوں نے بلدیاتی اسمبلی میں اپنا خوب نام بنایا۔ دسمبر 1984ء  کو صدارتی ریفرنڈم میں انہوں نے صدر جنرل محمد ضیاء الحق کی انتخابی مہم میں بھی بھرپور انداز میں شرکت کی۔ 1985ء کے غیر جماعتی الیکشن میں وہ مخصوص نشست پر رکن پنجاب اسمبلی بن گئیں۔ انہیں صوبائی وزیر سماجی بہبود کا قلمدان ملا، سماجی شعبے میں وہ بطور وزیر بھی گرانقدر کام کرتی رہیں۔ 1987ء کے بلدیاتی الیکشن میں بیگم نجمہ حمید کا پہلی مرتبہ لال حویلی کے شیخ رشید احمد سے میئر راولپنڈی کے الیکشن میں تاریخی آمنا سامنا ہوا، اس وقت کے وزیراعظم محمد خان جونیجو نے شیخ رشید احمد جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد نواز شریف نے بیگم نجمہ حمید کو اپنا اپنا میئر کا امیدوار نامزد کر دیا۔ اکتوبر 1999ء کے بعد بیگم نجمہ حمید کا گھر راولپنڈی میں بیگم کلثوم نواز کی آمد کے موقع پر سیاسی سرگرمیوں کا مرکز رہا۔ نجمہ حمید نے مشکل وقت میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور پارٹی کارکنوں کیلئے شجر سایہ دار رہیں، وہ دو مرتبہ سینیٹر منتخب ہوئیں لیکن چند برسوں سے وہ ضعیف العمری اور علالت کی وجہ سے راولپنڈی کے سیاسی منظر نامے میں خاموشی سے وقت گذارتے ہوئے گزشتہ شب انتقال کر گئیں۔ مرحومہ بیگم نجمہ حمید کی نماز جنازہ بروز اتوار مورخہ 4 دسمبر2022ء کو بعد نماز ظہر راولپنڈی میں ان کی رہائشگاہ F 877 سیٹلائٹ ٹاؤن کے قریب اقصٰی مسجد میں ادا کی جائے گی۔
بیگم نجمہ حمید

مزیدخبریں