پیپلز پارٹی کے وقار مہدی بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ، نوٹیفیکشن  جاری 

Dec 04, 2022

کراچی (نیوز رپورٹر)سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست پرپیپلزپارٹی کے نامزد امیدواروزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی بلامقابلہ کامیاب ہوگئے یالیکشن کمیشن نے ان کی کامیابی کا نوٹیفیشیکشن بھی جاری کردیا ہے۔ایم کیوایم پاکستان نے پیپلزپارٹی کی قیادت کے مفاہمتی پیغام کے بعد سینٹ الیکشن کے لیے اپنے تین امیدواروں احمد سلیم صدیقی، طارق منصور اور سبین غوری کو سینیٹ الیکشن سیدستبردارکردیا ،ہفتہ تین دسمبرکوکاغذات نامزدگی واپس لینے اوردستبرداری کا آخری دن تھا جبکہ پیپلز پارٹی کے متبادل امیدوار عاجز دھامرا بھی الیکشن سے دستبردار ہوگئے۔ایم کیو ایم کے 3 امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد وقار مہدی بلامقابلہ کامیاب ہوگئے۔ ایم کیو ایم کے تینوں امیدواروں کی جانب سے دستبردار ہونیکی درخواست صوبائی الیکشن کمیشن کو جمع کرائی گئی ہے۔ کاغذات نامزدگی سے دستبرداری کی درخواستیں منظور ہونے کا اعلان کرنے کے بعد الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کیوقار مہدی کا سینیٹ کی جنرل نشست پر بلامقابلہ کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وقار مہدی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں، آصف علی زرداری مفاہمت پر یقین رکھتے ہیں۔صوبائی وزیرسید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کچھ ماہ پہلے ہی ایم کیو ایم سے نام مانگ لیے گئے تھے، ایڈمنسٹریٹر کے لیے ایم کیو ایم کے عبدالوسیم کا نام زیر غور ہے، ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں بھی شامل کرنے پر مذاکرات جاری ہیں انہوں نے واضح کیا کہ ایڈمنسٹریٹر شپ دینے اور سینیٹر شپ لینے کا معاملہ ڈیل نہیں مفاہمت کا تسلسل ہے۔دریں اثناء وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے  وقار مہدی کو بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے اپنے امیدواران کو دستبردار کروایا ، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ صدر آصف علی زرداری کی مفاہمتی پالیسی کا تسلسل ہے ، سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی اکثریت ہے ، وقار مہدی آسانی سے کامیابی حاصل کر سکتے تھے ، لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا ویژن ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آج اپنے ایک اور سیاسی کارکن کو ایوان بالا تک پہنچایا ہے ، یہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی کامیابی ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی محنت کشوں ، مزدوروں اور کارکنوں کی جماعت ہے۔

مزیدخبریں