سندھ صوفیوں کی سرزمین‘ یہاں کسی بھی قومیت کے لوگ آکر سکون سے زندگی گزارتے ہیں، چیف سیکرٹری سندھ 


کراچی (نیوز رپورٹر)چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت نے سندھ کے ثقافتی دن کے موقع پر تمام سندھ کے رہنے والوں کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ہفتہ کو اپنی قیام گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت چار ہزار سال پرانی ہیں۔یہاں کے رہنے والوں نے کس طرح دنیا میں ترقی کی اس کا مشاہدہ موہنجوڈارو جا کر دیکھا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین اورسندھ میں صوفی ازم مثبت پہلو اجاگر کرتا رہا ہے ۔سچل سرمست ، لعل شہباز قلندر کے مزارات پر چلے جائیں وہاں لوگوں کو پیار محبت اور بھائی چارے کا پیغام ملے گا۔سندھ میں کسی بھی قومیت کے لوگ آکر سکون سے اپنی زندگی گزار سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ کے ثقافتی دن کی مناسبت سے مختلف محکموں میں تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ سہیل راجپوت نے کہا کہ سندھ میں تعلیم کی ترویج کے لئے ہمیں کوشش کرنی چاہیے۔ہم نے اسپیشل انرولمنٹ آج سے شروع کی ہے۔ عام لوگوں کو چاہیے کہ وہ ضرور اسکول میں اپنے بچوں کو داخل کرائیں۔سرکاری اسکولوں میں بھیان کی تعلیم کا بہترین بندوبست ہے ۔انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل سندھ کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب تھا جس میں 20 لاکھ گھروں کو نقصان پہنچا،بہت سے لوگ کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ہم ہاوسنگ کا سروے کرارہے ہیں۔بہت سے لوگوں کو ریلیف کی ضرورت ہے۔حکومت سندھ متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔چیف سکریٹری نے بتایا کہ ہمارا ٹارگٹ تھا کہ گندم کی کاشت ہوسکے۔ اس وقت 80سے 85 فیصد ایریا پر گندم میں کاشت ہوسکتی ہے۔سندھ کے لوگوں نے بہت نقصان برداشت کیا۔ ہم فی ایکٹر 5 ہزار کے حساب سے دیں گے۔لوگوں کو گھر بنا کردینا ہمارا ٹارگٹ ہے۔ہاوسنگ کا سروے تقریبا مکمل ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 5این جی اوز کے ساتھ مل کر گھر وں کے منصوبے پر کام ہوگا۔این جی او ز متاثرین کو گائیڈ کریں گی کہ کیسے گھر بنانا ہے۔یکم جنوری سے پہلی قسط کی تقسیم شروع ہوجائے ۔لوگ اپنی مرضی کے مطابق اپنا گھر بناسکیں گے۔
 ڈاکٹر سہیل راجپوت

ای پیپر دی نیشن