کراچی پرایم کیو ایم ‘پیپلز پارٹی سودے بازی کسی صورت قبول نہیں ¾حافظ نعیم الرحمن


کراچی (نیوز رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے متنبہ کیا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی کراچی پر سودے بازی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے ۔ایک سیاسی وغیر قانونی ایڈمنسٹریٹر کی جگہ دوسرا سیاسی اور غیر قانونی ایڈمنسٹریٹر تسلیم نہیں کیا جائے گا،ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی دونوں مل کر ایک بار پھر سے کراچی کو تباہ و برباد کرنا چاہتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں شعبہ تعلیم کی زبوں حالی، قدیم و تاریخی تعلیمی اداروں پر قبضے کی کوششوں ،سندھ حکومت کی نا اہلی و بے حسی اور عوام کودرپیش دیگرمسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ بااختیار بلدیاتی نظام کے لیے جماعت اسلامی کی تحریک جاری ہے ،کراچی کے عوام نے ہماری تحریک کی بھرپور پذیرائی کی ہے۔15جنوری کو بلدیاتی انتخابات میں شہری بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کر کے جماعت اسلامی کا میئر منتخب کریں گے ۔اب کراچی اپنے اصل کی طرف لوٹے گا اور پورے پاکستان کو لیڈ کرے گا۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کویہ مطالبہ کرنا چاہیے تھا کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس بلا کر آئین کے آرٹیکل 140-Aکے تحت تمام اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں لیکن یہ ہمیشہ کی طرح صرف وزارتیں اور مراعات حاصل کرنے کے لیے اہل کراچی کا سودا کررہی ہے۔اب حالات بدل رہے ہیں ،کراچی کے عوام ایسی کسی سودا بازی کو قبول نہیں کریں گے ، جماعت اسلامی ،ایم کیوا یم اور پیپلزپارٹی کو عوام کے سامنے بے نقاب کرے گی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ پیپلزپارٹی عوام کی بات کرتی ہے لیکن عوام کو تعلیم سے محروم رکھتی ہے ،سندھ حکومت بتائے کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے نتائج مسلسل تنزلی کا شکار کیوں ہوتے جارہے ہیں،پیپلزپارٹی کے بانی بھٹو کے نام پر ادارے بنالینے سے تعلیم عام نہیں ہو گی بلکہ تعلیمی نظام کو درست کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم بھی سن لے کہ وہ چاہے ایڈمنسٹریٹر ،گورنریا پھر وزیر کی سیٹ لے لے لیکن اب کراچی کے عوام اس کی کسی دھونس اوردھمکیوں میں نہیں آئیں گے ۔ہم چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری سے کہنا چاہتے ہیں کہ پارٹیوں کی خریدو فروخت کا سلسلہ بند کردیں۔
حافظ نعیم الرحمن

ای پیپر دی نیشن