عنبرین فاطمہ
خوبصورت ،چمکدار، بلو ڈرائی اور اسٹائل والے بال ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے،آج ہر گھر میں ہر لڑکی کے پاس بالوں کو خوبصورت بنانے والی ہر چیز گھر میں ہی دستیاب ہے یہ چیزیں بالوں کو خوبصورت تو بناتی ہیں لیکن نقصان بھی پہنچاتی ہیں بالوںکی خوبصورتی اور ان کی چمک کو خراب کر دیتی ہیں۔ موجودہ دور کو دیکھیں تو محسو س کیا جا سکتا ہے کہ ان چیزوں کا استعمال بہت ضروری ہے لیکن پھر بھی بالوں کی حفاظت کے لئے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے تاکہ بال اپنی خوبصورتی نہ کھوئیں۔ بالوں کی خوبصورتی کو بڑھانے ان کی چمک کو قائم رکھنے کیلئے اس وقت مارکیٹ میں طرح طرح کے ہئیر آئل اور شیمپوز دستیاب ہیں۔ دوسری طرف یہ بات بھی اہم ہے کہ بہت ساری لڑکیاں بالوں کو لمبا کرنے ، ان کو صحت مند اور چمکدار بنانے کے لئے طرح طرح کے ٹوٹکے استعمال کرتی ہیں۔ان ٹوٹکوں کو آزمانے سے بعض اوقات سنگین نتائج بھی نکلتے ہیں جن سے بالوں کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔آج سٹریٹنگ ہر لڑکی کرتی ہے، لڑکیو ںکو یہی معلوم نہیں ہوتا کہ ہیٹ کا لیول کیا رکھا جانا چاہیے کہ جس سے بال محفوظ رہیں، اس کے علاوہ بالوں کے حوالے سے جدید دور کے جدید فیشن کے تقاضوں کے ساتھ چلنے کے حوالے سے ہم نے معروف بیوٹیشن عینی سے خصوصی گفتگو کی ان سے پوچھا کہ بالوں کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کیلئے کیا چیزیں مد نظر رکھی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چاہے ورکنگ ویمن ہو یا گھریلو خاتون ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ اسکے بال خوبصورت نظر آئیں اور ہونا بھی ایسا ہی چاہیے خواتین کو خود پر بہت زیادہ توجہ دینی چاہیے۔بالوں کے حوالے سے میں یہ کہنا چاہوں گی کہ جب ہم سٹائلنگ یا کرل کررہے ہوتے ہیں تو بالوں کو بہت زیادہ ہیٹ دے رہے ہوتے ہیں اس ہیٹ کا لیول بہت نارمل ہونا چاہیے ، اگر نارمل ہو گا تو بال ڈیمج نہیں ہوں گی لیکن اگر ہیٹ کا لیول بہت زیادہ ہو گا تو بال ڈیمیج ہوں جائیں گے ، کمزو ر ہونے کے ساتھ گرنا بھی شروع ہو جائیں گے ان کی نشوونما پر اثر پڑے گا۔ بالوں کو ہیٹ دینے سے پہلے ہمیں بہت احتیاط کرنی چاہیے ، ہیٹ پروٹیکشن کے سیرمز بالوں کو ہیٹ دینے سے پہلے ضرور لگانے چاہیں سیرم لگانے سے بال خراب ہونے سے بچ جاتے ہیں، بال جلتے نہیں ہیں نہ ہی خراب ہوتے ہیں بلکہ ان کی چمک بھی قائم رہتی ہے۔ سٹائلنگ کریں سب کچھ کریں لیکن اپنے بالوں کو موئسچرائز ضرور کریں ، کوئی اچھا سا ماسک لیں جو آپ کے بالوں کو سوٹ کرتا ہو ، اسکو ہفتے میں تین بار استعمال کریں۔ ہاٹ آئل مساج کریں ،جو خواتین ملازمت کرتی ہیں ان کے پاس تو یقینا وقت نہیں ہوتا انکو چاہیے کہ وہ اپنے بالوں کو آئل لگائیں اور آئل کو چند سیکنڈز کے لئے مائیکرو ویوکر لیں( مائیکرو ویو کئے آئل سے مساج بالوں کو نرم کر دیتے ہیں)۔اس کے آئل بعد بیس سے پچیس منٹ تک بالوں میں ہی رکھیں اس سے بالوں کو اچھا موسئچرازر مل جاتا ہے۔بیس پچیس منٹ کے بعد ہلکے گرم پانی کے ساتھ بالوں کو دھو لیں ،بال کافی خوبصورت اور نرم محسوس ہوں گے۔ عینی نے کہا کہ بالوں کو خوبصورت رکھنے کیلئے خوراک کا بہت عمل دخل ہوتا ہے اگر خوراک اچھی کھائیں گی تو یقینا آپ کے بال قدرتی طور پر خوبصورت ہوں گے۔ مچھلی انڈہ جیسی پروٹین والی غذائیں کھانا بہت ضروری ہے، اگر آپ یہ نہیں کھانا چاہتی تو پھر مارکیٹ میں سپلیمنٹ بھی دستیاب ہوتے ہیں ان کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے لیکن ان سپلیمنٹ کا استعمال ڈاکٹروں کے مشورے کے بغیر نہیں کیا جا نا چاہیے۔ کیونکہ یہ دیکھنا بہت ضروری ہوتا ہے کہ جو سپلیمنٹ ہم استعمال کررہے ہیں وہ ہمیں سوٹ کررہے ہیں یا نہیں۔ لیکن میں خواتین سے یہی کہوںگی کہ خوراک اچھی رکھیں پروٹین والی غذائیں کھائیں ریڈ میٹ کا استعمال کریں مچھلی انڈے کو اپنی غذا کا ضروری حصہ بنا لیں، اس سے نہ صرف بال اچھے ہوں گے بلکہ آپ کی سکن پر بھی بہت اچھا اثر پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ خون کی کمی یا جسمانی طور پر کمزور شخص کے بال کبھی بھی صحت مند توانا اور گھنے و سیاہ نہیں ہوں گے اس لیے صحت کی طرف توجہ ضروری ہے جب کہ اس سلسلے میں غذا میں موسمی پھل، سبزیاں، دودھ اور دہی کا استعمال مفید ثابت ہوتا ہے۔عینی نے مزید کہا کہ جن خواتین کے بال بہت گرتے ہیں اور ان کے سر میں خشکی بہت زیادہ ہوتی ہے وہ اپنے بالوں کو سٹریٹ یا کرل کرنے سے پہلے ضرور احتیاطی تدابیر کریں ، اچھا سا سیرم بالوں میں لگائیں اس سے ان کے بال نہ جلیں گے اور نہ ہی مزید خراب ہوں گے۔ بعض اوقات تو سردیوں کے موسم میں خشکی اس لئے بھی ہوجاتی ہے کیونکہ ہم گرم پانی سے نہا رہے ہوتے ہیں اور گرم پانی کے استعمال سے سکن بھی خشک ہوتی ہے اور بالوں میں خشکی آجاتی ہے ۔یہ نارمل بات ہے ا س پر گھبرانا نہیں چاہیے اسکا بہترین حل یہ ہے کہ بالوں میں آئل گرم کرکے لگالیں اور سکن کے لئے کوئی اچھا سا موئچرائزر استعمال کریں۔ چاہے گرم پانی سے بال دھونے ہوں یا بالوں کو اسٹریٹ کرنا ہو یا سٹائلنگ کرنی ہو تو اگر ہیٹ کا لیول بہت زیادہ ہو گا تو یقینا نقصان ہو گا اور اس نقصان کو نارمل کرنا بہت آسان نہیں ہوگا۔ لڑکیوں کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ بال خراب ہوتے ہی ہیٹ سے ہیں۔انہوںنے یہ بھی کہا کہ زیتون کا تیل، ناریل کا تیل، وٹامن ای کا تیل بالوں کے لئے بے حد مفید ہوتا ہے ،سرسوں کے تیل میں اگر ان تینوں کو شامل کر کے بالوں میں لگایا جائے تو اس سے بالوں کی نشوونما بہتر ہوجاتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ چار سے آٹھ ہفتوں کے دوران بال کٹوانے سے ان کی صحت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور بالوں کو بڑھنے میں مدد ملتی ہے جب کہ اس طریقے سے بال مضبوط اور گھنے بھی ہوتے ہیں۔کھوپرے کا تیل بھی بالوں کے لئے بہت مفید ہوتا ہے۔ یہ چند ایک احتیاطی تدابیر ہیں اگر ان پر عمل کر لیا جائے تو یقینا بال خراب نہیں ہوتے اور بال صحت مند رہنے کے ساتھ چمکدار بھی دکھائی دیتے ہیں۔عینی نے کہا کہ بال شخصیت کا آئینہ ہوتے ہیں اگر بال خوبصورت نظر آئیں گے تو شخصیت بھی خوبصورت نظر آئیگی اگر بال ہی خوبصورت اور صحت مند نظر نہیں آئیں گے تو یقینا آپ کی شخصیت کی خوبصورتی بھی ماند نظر آئے گی اس لئے بہت ضروری ہے کہ بالوں پر توجہ دی جائے۔عینی نے مزید کہا کہ آپکا چہرہ، آپکے بال اور آپکا لباس آپکی ظاہری شخصیت کے آئینہ دار ہیں.ان پرمناسب توجہ دینے اور دیکھ بھال کرنے سے آپکی شخصیت کے رکھ رکھاؤ میں مزید اضافہ ہوتا ہے اور مزید نکھار پیدا ہوتا ہے اور آپ دوسروں پر اپنی شخصیت کا اچھا تاثر چھوڑنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ اس لئے خود پر بہت زیادہ توجہ دیں اور وہ چیز استعمال کریں جس سے آپ کے بال آپ کی رنگت اور سکن کی خوبصورتی میں اضافہ ہوسکتا ہے پھر چاہے وہ کوئی پراڈکٹ ہو یا اچھی اور بہترین خوراک۔
خوبصورت، بلو ڈرائی اور اسٹائل والے باہ ہر ایک کی خواہش لیکشن احتیاط کیا؟
Dec 04, 2023