پاکستانی نژاد کاروباری شخصیات نے امریکہ میں نئی بلندیوں کو چھوا :،مسعود خان

واشنگٹن ڈی سی(این این آئی)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستانی امریکی کاروباری افراد اور مختلف پیشوں سے وابستہ شخصیات نے امریکہ میں کامیابیوں کی نئی بلندیوں کو چھویاہے اور ان کی ساکھ پورے امریکہ، براعظموں اور پاکستان تک جا چکی ہے۔ معروف کاروباری شخصیات اور ماہرین کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ مختلف کرداروں میں پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی میں بالواسطہ اور بلا و اسطہ کردار ادا کرتے رہے ہیں اور آپ پاکستان کی معاشی ترقی میں براہ راست کردار ادا کر رہے ہیں۔سفیر نے یہ بات ڈی ایم وی ایریا (واشنگٹن ڈی سی، ورجینیا اور میری لینڈ) کے پاکستانی نژاد امریکیوں کے ایک متنوع گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ٹیک، فنانس، بینکنگ، سروسز اور سیکٹرز سمیت مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس موقع پر آرگنائزیشن آف پاکستانی انٹرپرینیورز آف نارتھ امریکہ (اوپن)، سٹیزن فاؤنڈیشن (ٹی سی ایف)، سرہندی کمپنیز، ٹی آر جی گروپ، نووا کلاؤڈ، فیس بک اور دیگر کمپنیوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ کامیابی آپ سب میں ایک مشترکہ عنصر ہے جو ہمارے لئے یہاں امریکہ میں اور پاکستان میں باعثِ فخر ہے۔ اس موقع پر ہیلتھ کئیر کے شعبے میں معروف کمپنی کعبہ فیوڑن کے سی ای او ڈاکٹر سہیل مسعود اور آرگنائزیشن آف پاکستانی انٹرپرینیورز آف نارتھ امریکہ (اوپن) گلوبل کی صدرعنبرین مرزا کی کامیابیوں کو بھی سراہا گیا۔ ڈاکٹر سہیل کو حال ہی میں انٹرپرینیور آف دی ایئر 2023 نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر سہیل مسعود نے اپنی ذاتی کہانی بیان کی جو کہ انتہائی متاثر کن تھی۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ کیسے انہوں نے محنت اور جذبے کے ساتھ کامیابی کی نئی سرحدیں عبور کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی کعبہ فیوژن جو کہ ایک ارب ڈالر کی مالیت کی کمپنی بن چکی ہے ایک اور کمپنی حاصل کرنے کے مراحل میں ہے جس سے اسکی کل مالیت چار ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ میساچوسٹس میں سفیر پاکستان سے ان کی آخری ملاقات کے بعد انہوں نے پاکستان میں 70 افراد کو ملازمت کے مواقع فراہم کیے ہیں اور یہ تعداد مزید بڑھے گی۔

ای پیپر دی نیشن