کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے گزشتہ روز یومِ ثقافت منایا گیا۔ اجرک اور سندھی ٹوپی پہن کر سندھی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا گیا۔ کراچی، حیدر آباد، لاڑکانہ، نواب شاہ، تھر پارکر، جام شورو، خیرپور اور ڈیرہ مراد جمالی سمیت دیگر شہروں میں سندھی ثقافت کی مناسبت سے تقریبات منعقد ہوئیں، لوک گیتوں کی دھنوں پر نوجوانوں اور بچوں نے رقص کیا۔ سندھی کلچرل ڈے کے موقع پر کراچی پریس کلب ہی نہیں بلکہ شہر بھر میں خواتین ہوں یا بچے سب کا جوش خروش دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔ نوجوانوں کا تو کیا ہی کہنا تھا، سریلی نغموں اور موسیقی کی دھن نے گویا سب کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا تھا۔ کراچی کی سڑکوں پر ہر طرف سندھ کی ثقافت کے رنگ نظرآئے، سندھی گانوں پر روایتی رقص لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ ترجمان امریکی قونصل خانہ ہیتھر مرفی نے سندھی لباس زیب تن کر لیا۔ اپنے پیغام میں ہیتھر مرفی نے کہا ہے کہ آج کے دن کی تمام سندھ کے رہائشیوں کو مبارکباد دیتی ہوں۔ اس موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ سندھ اولیاء‘ صوفیاء‘ موسیقاروں اور درویشوں کی سرزمین ہے۔ سندھی ثقافت سے اس خطہ میں ہر قسم کی رواداری نظر آتی ہے۔ خوشی کے موقع پر اس خطے کی ترقی کی خواہاں ہوں۔