راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)عید گاہ شریف کے سجادہ نشین وعالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا خوف ایک ایسا خوبصور ت حصارہے جو باقی تمام خوف انسان کے دل سے نکال کر اس کی توجہ اپنی اصلاح کی طرف کر دیتا ہے، انسان کو ہمیشہ فکرِ آخرت رہتی ہے اور اس وجہ سے اس کی زندگی پاکیزہ، گمان نیک اور نیت درست ہو جاتی ہے۔آج دنیاوی زندگی میں رہتے ہوئے ہمارے پاس یہ وقت اور مہلت موجود ہے کہ ہم اس احساس کو پختگی سے اپنے ذہن میں جمائیں کہ دنیا میں رہ کر جو کچھ بھی ہم اچھا کر سکتے ہیں وہ ربِ رحمن کا انعام ہے اور جب بھی ہمیں اعمالِ صالحہ، مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود یا کوئی بھی کارِ خیر کرنے کی توفیق ملے تو اس پر شکر ادا کریں کیونکہ یہی چیز انسان کو تقو ٰی کی جانب لے کر جاتی ہے۔تمام تعلیماتِ نبوی ؐصلہِ رحمی،دوسروں کو عزت دینے اور احترامِ آدمیت کا درس دیتی ہیں جیسا کہ ہمارے آقا و مولا نے بیت اللہ شریف مطاف جیسے ارفع و اعلیٰ مقام پر رونق افروز ہو کر اصحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیم اجمعٰین کو احترامِ انسانیت کی عظیم ترین تعلیم ارشاد فرمائی جو قیامت تک انسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہے۔ خانقاہیں ایسی تربیت گاہیں ہیں جہاں سے مخلوقِ خدا کو نبیؐ کی یہی نورانی تعلیمات پڑھا، سکھا اور یاد کروا کر اس کی کردار سازی کی جاتی ہے اور مخلوقِ خدا کا تعلق دربارِ رسالت مآب سے مضبوط سے مضبوط تر کیا جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دروان کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اورفلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بربربیت سے نجات و آباد کاری کے لئے خصوصی دعا کی۔