اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ٹی ٹی پی کے خاتمے سمیت اہم امور پر مذاکرات اور مشاورت کیلئے آج سے 12 دسمبر تک 3 امریکی وفود پاکستان کا دورہ کریں گے۔ پاکستان میں مقیم امریکی ملازم 25000 افغان باشندوں کا معاملہ زیر بحث آئے گا جبکہ پاکستان میں غیرقانونی مہاجرین کے انخلا پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہونے پر بات چیت ہوگی۔ ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے مکمل خاتمے کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔ امریکی نمائندہ خصوصی پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مشاورتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے دوروں کا تبادلہ بھی ہوتا ہے اور اس تناظر میں آنے والے دنوں میں اہم امریکی عہدیداروں کے پاکستان کے دورے بھی ہو رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ سیکرٹری برائے آبادی، پناہ گزین اور ہجرت جولیٹا والس نوئیس 4 سے 6 دسمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گی جبکہ افغانستان کے بارے میں خصوصی نمائندہ ٹام ویسٹ 7 سے 9 دسمبر تک اسلام اباد کا دورہ کریں گے۔ پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری الزبتھ ہورسٹ کا دورہ 9 سے 12 دسمبر تک ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ دورے امریکا کے ساتھ افغانستان کی صورتحال سمیت متعدد مسائل پر جاری مذاکرات کا حصہ ہیں۔ تاہم یہ دورے صرف افغانستان کے ساتھ مسائل تک ہی محدود نہیں ہیں۔