نوشہرہ + پشاور (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے چیئرمین پرویز خٹک نے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوشہرہ کے دو قومی اور پانچ صوبائی اسمبلی کی سیٹوں سے خود، اپنے بیٹوں اور داماد کو کھڑا کرنے کا اعلان کر دیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ میری چالس سالہ خدمات ہیں۔ نوشہرہ میں اکیلا الیکشن میں کھڑا ہو رہا ہوں دیکھتا ہوں میرا کون مقابلہ کرے گا۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے ورکروں کو تمیز نہیں سکھائی، میں نظام ٹھیک کرنے آیا ہوں، ذاتی لالچ نہیں، پٹواری، پولیس اور دیگر ادارے میرے وقت میں ٹھیک ہوئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی پی نے کہا کہ نئی پارٹی بنانا مشکل کام ہے۔ آئندہ الیکشن میں سب پارٹیوں کو ہراؤں گا۔ آئندہ میں کے پی کے کا وزیراعلیٰ بنوں گا۔ سب پارٹیاں میرے پیچھے ہوں گی، 4 سالوں میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اس صوبے کیلئے کیا کیا؟ پرویز خٹک نے کہا کہ اسلام کے نام پر ووٹ لینے والے بتائیں انہوں نے اسلام کیلئے کیا کیا؟۔ پاکستان کیلئے اقتدار میں رہنے والوں نے کیا کیا؟۔ اگر سابق حکمرانوں نے قرضے نہ لئے ہوتے تو آج اتنی مہنگائی نہ ہوتی، اگر مستقبل میں اچھا لیڈر نہ آیا تو مہنگائی کا مزید طوفان آئے گا۔ ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کا انٹرا پارٹی الیکشن ایک ٹوپی ڈرامہ ہے۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کچھ عناصر کے ہاتھوں کٹھ پتلی کا کردار ادا کرتے تھے۔ وہ اپنے کئے کی وجہ سے اس حال میں ہیں۔ ملک قرضوں کی دلدل میں دھنستا جا رہا ہے۔ عوام 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں ہوشیار رہیں۔ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے سربراہ پرویز خٹک نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی ملک میں الیکشن نہیں صدارتی نظام چاہتے ہیں۔ ایک انٹرویومیں پرویز خٹک نے کہا کہ پہلے بھی پارٹی میں چار پانچ الیکشن جعلی تھے، صرف کاغذی کارروائی تھی۔ پارٹی میں جمہوریت ہونی چاہیے، فراڈ الیکشن نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حلف اٹھاتے ہیں تو عہد کرتے ہیں کوئی راز فاش نہیں کرنا، سائفر لہرا کر سابق چیئرمین نے غداری اور آئین کی خلاف ورزی کی۔ ان پر سائفر کیس میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کرنا چاہیے۔
نوشہرہ سے الیکشن لڑونگا‘ دیکھتا ہوں کون مقابلہ کرتا ہے: پرویز خٹک
Dec 04, 2023