اسلام آباد (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف علی زرداری نے تمام سندھیوں کو ثقافت کا دن منانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی ثقافت امن ، محبت ،بہادری مہمان نوازی کی تاریخ ہے۔ اپنے بیان میں سابق صد رنے کہاکہ قومیں اپنی ثقافت سے پہچانی جاتی ہیں۔ یوم ثقافت سندھ پراپنے پیغام میں بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ سندھ کی ثقافت کا مرکز موھن جو دڑو ہے، سندھ کے لوگ تاریخی طور پر امن رواداری پسند اور وطن دوست ہیں، اہلیانِ سندھ فن و فطرت سے پیار کرنے والے بھی ہیں۔ بامقصد ثقافتی سرگرمیاں معاشرے میں نفرت تقسیم اور شدت پسند سوچ کے لیے زہر ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی تمام ثقافتوں کو مساوی اہمیت و درجہ دینے میں یقین رکھتی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے سندھ سمیت پورے ملک کے عوام کو یوم ثقافت سندھ پر مبارکباد دی۔ فریال تالپور نے یوم ثقافت سندھ پر اپنے پیغام میں کہا کہ وادی مہران کی ثقافت 5 ہزار سال قدیم اور عظیم تہذیب کی آئینہ دار ہے‘ سندھ ٹوپی‘ اجرک‘ آرٹ اور سندھی زبان کی ایک الگ پہچان ہے۔
سندھ کی ثقافت بہادری: زرداری‘ لوگ فن سے پیار کرنے والے: بلاول
Dec 04, 2023