دنیا میں وہی قومیں زندہ و پائندہ کہلاتی جو تہذیب یافتہ ہوں،کمشنر راولپنڈی

Dec 04, 2023

راولپنڈی( سٹاف رپورٹر)تہذیب و ثقافت کسی بھی قوم کا آئینہ ہوتی ہے۔ قوموں کے درخشاں مستقبل کے لئے تہذیبی اقدار چراغ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ مثبت تہذیبی و ثقافتی اقدار کے فروغ سے سماج میں امن و سلامتی کے پھول کھلتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے پنجاب آرٹس کونسل میں گلگت بلتستان ثقافتی شو میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر کیا۔ مہمان خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں وہی قومیں زندہ و پائندہ کہلاتی ہیں جو تہذیب یافتہ ہوں۔ وہی معاشرہ کامیاب و کامران ہوتا ہے جس کی ثقافت پائیدار ہو۔ وہی ملک ترقی کر سکتا ہے جس کی جڑوں میں جاندار تہذیب اور مثبت ثقافت کی آبیاری ہورہی ہو۔ وہی معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکتا ہے جہاں صحیح معنوں میں مثبت تہذیب و ثقافت فروغ پا رہی ہو۔آخر میں انہوں نے گلگت بلتستان سے آئے تمام فنکاروں کے لیے ایک لاکھ روپے خصوصی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد کا کہنا تھا کہ پروگرام کا مقصد جڑواں شہروں کی عوام کوگلگت بلتستان کی ثقافتی اقدار سے روشناس کروانا ہے۔ بلتی موسیقی کانوں میں رس گھول دیتی ہے۔پنجاب آرٹس کے دروازے  گلگت بلتستان کی عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔پروگرام میں گلگت بلتستان کی تہذیب وثقافت کے دلکش اور منفرد رنگ پیش کئے گئے۔پروگرام کا آغاز گلور، دیسی بینڈ سپیشل ٹیون کے ذریعے ہوا۔شینا، بلتی، کھوار،بروشکی اور وخی زبانوں میں لوک گیت پیش کئے گئے جبکہ اردو زبان میں عارفانہ کلام نے بھی پروگرام کی رونق کو دوبالا کیا۔نامور گلوکاروں اقبال حسین اقبال اور غلام نبی ہمراز کی پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔نامور آرٹسٹ امین شاہ، مبارک، خالد بلتی، ظہیر،نائب خان، صاحب جان، دیدار علی ود یگر نے بھی پروگرام میں عمدہ پروفارم کیا۔

مزیدخبریں