ہمارا صوبہ پسماندہ نہیں، حالات غلط پالیسیوں کی وجہ سے خراب ہوئے: گنڈاپور

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمارا صوبہ پسماندہ نہیں‘ حالات غلط پالیسیوں کی وجہ سے خراب ہوئے۔ پشاور میں یونیورسٹی کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہماری افغانستان کے ساتھ طویل سرحد ہے، عوام اور فورسز نے امن کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کیے، نوجوان نسل ہی ہمارا مستقبل ہے، تعلیم میں نجی سیکٹر کے تعاون کے بغیر ترقی نہیں ہو سکتی۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ایف آئی آرز بھی ڈگریاں ہی ہوتی ہیں، میرے اوپر 264 کے قریب ایف آئی آرز درج ہیں، اوورسیز پاکستانی یہاں کے نوجوانوں کی تعلیم اور دیگر شعبوں میں مدد دیں۔ علی امین گنڈاپور نے اقراء  نیشنل یونیورسٹی کیلئے 3 کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان کیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ خوشی ہوئی کہ یونیورسٹی پرائیویٹ سیکٹر میں تعلیم کے فروغ کیلئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں ان  پر انویسٹ کرنا چاہیے، طلباء کو والدین اور اپنے اساتذہ کا احترام کرنا چاہیے، طلبہ کو سیکھتے رہنا ہے، زندگی میں مقابلہ کرنا ہے، ہم نے ہار نہیں ماننی، پریشان نہیں ہونا، عزت اللہ کے ہاتھ میں ہے، مقابلہ کرنا سیکھیں، آپ کو کوئی بھی شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں ہمارے لوگوں نے اپنا لوہا منوایا ہے، جو انسان کسی اور کی کامیابی پر خوش ہوتا ہے وہ کامیاب ترین انسان  ہے۔

ای پیپر دی نیشن