پاکستان بنگلہ دیش کو ہرا کر بلائنڈ کرکٹ کا پہلی بار عالمی چیمپئن بن گیا

Dec 04, 2024

لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹرنمائندہ خصوصی +اپنے سٹاف رپورٹر سے)پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرا کر پہلی بار بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ جیت لیا ۔ملتان میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو دس وکٹوں سے شکست دی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے7وکٹوں پر139رنز بنائے۔ عارف حسین 54رنزکیساتھ نمایاں رہے۔ایم ڈی سلمان 31، عاشق الرحمان 22 رنز بنانے میں کامیاب رہے جب کہ دیگر کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔ بابرعلی نے دو جبکہ محمد سلمان اور مطیع اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے محمد صفدر اور نثار علی نے اننگز کا آغاز کیا اور بغیر کوئی وکٹ گنوائے 10.2 اوورز میں ہدف حاصل کرکے قومی ٹیم کو چیمپئن بنوادیا۔ نثارعلی 72اورمحمد صفدر 47رنز بناکر ناقابل شکست رہے ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو چوتھا بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔،انہوں نے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے فائنل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، معذوری کے حامل افراد بھی کھیل کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں، ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا، کھیل سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں خصوصی افراد کی شمولیت بڑھانا ہوگی، خصوصی افراد کو آگے بڑھنے ، ترقی کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ، صدر مملکت کی پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد دی ،صدر مملکت کا پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔وزیر اعظم شہباز شریف قومی بلائنڈ ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے کی مبارکباد یتے ہوئے کہا کہ معذوروں کے عالمی دن پر ورلڈ کپ جیت کر ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے ۔ حکومت ہر سطح پر کھیلوں کے فرو غ کیلئے پر عزم ہے ۔ خصوصی افراد کے کھیل کے میدان میں سہولیات کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹیم کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ویلڈن سپیشل ہیروز ‘ویلڈن ‘انہوںنے عمدہ کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کرکٹ کے سپیشل ہیروز نے سپیشل افراد کے عالمی دن پر شا ندار پرفارمنس سے پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور کھلاڑیوں کے لیے اپنی نیک تمناوَں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے وطن کیلئے ایک شاندار تحفہ ہے، جو پورے ملک کیلئے فخر کا باعث ہے۔ آپ کی محنت، لگن، اور ناقابل شکست جذبے نے یہ ثابت کیا کہ کوئی رکاوٹ ناقابل عبور نہیں۔ اس امید کا بھی اظہار کیا کہ بلائینڈ کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی ملک کیلئے مزید کامیابیاں حاصل کرتی رہے گی۔ پیپلز پارٹی خصوصی ضروریات کے حامل افراد کو بااختیار بنانے اور ان کی ترقی کے اپنے مشن پر ثابت قدم ہے اور اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں ترقی کے مساوی مواقع حاصل ہوں ۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈمحسن نقوی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹی ٹونٹی ورلڈ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کو بھی مبارک باد دیتا ہوں۔ امید ہے کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی اسی جذبے سے کھیلے گی اور مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔

مزیدخبریں