امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہو گا: وزیر داخلہ

اسلام آباد(آئی  این پی ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے سب نے ملکر کام کرنا ہے،  پی ٹی اے کے تعاون سے دہشتگرد گروپوں کے اکائونٹ سکو بلاک  اور غیر قانونی سمز کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں گے،  دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے بلوچستان اور خیبر پی کے میں کانٹر ٹیررزم فورس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے بھر پور تعاون کریں گے،پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کو مضبوط کیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ کی   زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نیکٹا اور صوبوں کے مابین کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ موثر کوآرڈینیشن کے لئے نیشنل فیوژن سنٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ بریفننگ کے دوران بتایا گیا کہ رواں برس اکتوبر تک 7984 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں 206 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ اجلاس میں سوشل میڈیا پر کالعدم  دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے جامع اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اس ضمن میں پی ٹی اے کے تعاون سے دہشتگرد گروپوں کے اکانٹ کو بلاک کیا جائے گا جبکہ غیر قانونی سمز کی روک تھام کے لیے صوبے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائیں گے۔ آئندہ اجلاس میں پی ٹی اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کے اعلی حکام کو موثر میکنزم پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبہ بلوچستان اور صوبہ خیبر پی کے میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے بلوچستان اور خیبرپی کے میں کانٹر ٹیررزم فورس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے بھر پور تعاون کریں گے جبکہ پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کو مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے سب نے ملکر کام کرنا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ استعداد کار بڑھانے کے ساتھ تمام صوبوں کی پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سات روز میں تمام اداروں کو ضروریات سے متعلق رپورٹ  وزارت داخلہ کو بجھوانے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ نیکٹا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لیڈنگ کردار ادا کرے گی، نیکٹا میں اصلاحات کا آغاز کر دیا ہے، نیکٹا کا اصل رول بحال کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے کئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیرداخلہ نے چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے فول پروف سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کوسٹل ایریاز میں نارکوٹکس سمگلنگ کو روکنے کے لیے کوسٹل گارڈز کو سہولتیں فراہم کریں گے۔ اجلاس میں انسداد دہشتگردی کے لئے کئے فیصلوں پر عملدرآمد کا فردا فردا جائزہ لیا گیا۔ اسلام آباد میں کانٹر ٹیررزم اتھارٹی کے قیام پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن