اسرائیل نے خطے کی سلامتی داؤ پر لگا دی، اسحاق ڈار: ای سی او کلین انرجی سینٹر چارٹر پر دستخط

مشہد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش ہے۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے وزارتی کونسل اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی اعزاز ہے۔ میزبانی اور مہمان نوازی کے لیے ایرانی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او مقاصد کے حصول کے لیے ابھی طویل سفر باقی ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وہ اسرائیل کی جانب سے غزہ، لبنان اور شام میں مظالم کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش ہے۔ اسرائیل نے خطے کی سلامتی اور سکیورٹی کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے لوگوں کو تشدد، جنگ سے پاک اور خوف سے آزاد زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے اجلاس کے تجویز کردہ عنوان کے مطابق ای سی او ریجن کی ترقی اور خوشحالی علاقائی تجارت کی توسیع پر منحصر ہے۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ خطے کی پائیدار ترقی کے لیے ای سی او کا تجارتی معاہدہ‘ علاقائی اقتصادی مفادات کے فروغ کے لیے ایک سازگار پلیٹ فارم ہے۔ اسحاق ڈار نے ایران کے شہر مشہد میں ای سی او وزراء کونسل کے اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ منگل کو دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران انہوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں اور تازہ ترین علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق ہوا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ای سی او کلین انرجی سینٹر کے چارٹر پر دستخط کر دیئے۔ چارٹر کے مطابق آب و ہوا کی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے جدید قابل تجدید صاف توانائی کے ذرائع کے لیے تحقیق اور ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن