اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف 2 روزہ دورہ سعودی عرب مکمل کر کے پاکستان پہنچ گئے۔وزیرِ اعظم نے اپنے دورہء سعودی عرب کے دوران ریاض میں منعقدہ ون-واٹر سربراہی اجلاس میں شرکت کی، دنیا کو مستقبل میں پانی کی قلت سے بچانے کیلئے چھ نکاتی ایجنڈا تجویز کیا اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات کی وجہ سے مشکلات و چیلینجز پر بھی روشنی ڈالی۔اس دوران وزیرِ اعظم کی ریاض میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود سے بھی ملاقات ہوئی .جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک سعودیہ تعلقات کے مزید فروغ اور ان میں بڑی تبدیلی لانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
علاوہ ازیں وزیرِ اعظم کی فرانس کے صدر ایمانویل میکرون سے بھی ملاقات ہوئی. جس میں پاکستان اور فرانس کے مابین زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارتوں میں ترقی اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔