لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شعبہ صحت میں بنیادی اصلاحات کا جامع پلان طلب کرتے ہوئے 10 روز کے اندر مختصر، درمیانی اور طویل مدتی اصلاحات پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شعبہ صحت میں بنیادی اصلاحات کے لئے اعلیٰ سطح کی وزارتی کمیٹی قائم کردی جب کہ وزیر اعلیٰ نے ہیلتھ کے لئے درکار فنڈز بھی فوری ریلیز کرنے کی ہدایت کی۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے چلڈرن ہارٹ سرجری کے لئے بیرون ملک سے سرجنز بلوانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے سرجری کے لئے مزید 7 نجی اسپتال پینل میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔مریم نواز نے مریضوں کو ادویات ہر صورت گھر تک پہنچانے کی ہدایت کی جب کہ فری میڈیسن گھر گھر پہنچانے کے لئے کوریئر کمپنی کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور ساتھ ہی ہر بی ایچ یو میں ڈاکٹرز کی 100 فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ شعبہ صحت میں بنیادی اصلاحات پر عمل درآمد کا وقت آگیا ہے، ہر اسپتال کے لئے درکار ضروری ریفارمز بھی کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں سے ادویات کا چوری ہونا شرم ناک ہے. دوائیوں کی چوری کے ذمہ داروں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں ادویات ختم ہونے سے پہلے پیش گی اطلاع کا سسٹم ہونا چاہیے. نشتر اسپتال میں بری حالت دیکھ کر دنگ رہ گئی. نشتر اسپتال میں راہ داریوں میں بھی مریض بھرے تھے۔