چین : دریا میں کشتی الٹنے سے 8 افراد ہلاک

چین کے جنوب مغربی صوبہ گوئی ژو کے دریا میں ایک کشتی کے الٹنے کے نتیجے میں 8افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ 5افراد کو بچا لیا گیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کو بٹھانا بتایا گیا ہے۔

قومی ایمرجنسی مینجمنٹ وزارت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کشتی چلانے کے قواعد و ضوابط کی شدید خلاف ورزی کی گئی، جس میں حد سے زیادہ وزن ڈالا گیا۔

چینی خبر رساں ادارے "سائکسین” کے مطابق مذکورہ کشتی مقامی دیہاتیوں کو دریا کے پار جڑی بوٹیاں جمع کرنے کے لیے لے جارہی تھی۔

حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر موجود مقامی شخص نے میڈیا کو بتایا کہ دریا پر چلنے والی کشتیاں عموماً مسافروں کو لے کر نہیں جاتیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل چین کے صوبے سیچوان میں اگست کے مہینے میں ہونے والے کان کنی کے حادثے میں 8افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

گزشتہ ماہ مارچ میں شمالی چین کے صوبے ہیبے میں ایک گیس دھماکے میں7 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔

اس کے علاوہ فروری میں مشرقی شہر نانجنگ میں ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 15 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

رواں سال جون میں چین کی چونگ کنگ میونسپلٹی میں ایک کشتی الٹنے سے 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کشتی پر سوار عملہ مقامی ڈریگن بوٹ ریس کے لیے ٹریننگ کر رہا تھا اور عملے میں سے کسی نے بھی لائف جیکٹ نہیں پہن رکھی تھی

ای پیپر دی نیشن