لاہور (سپورٹس رپورٹر) اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کھیلوں کی تنظیموں کا ہنگامی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں اتفاق رائے سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے معاملات کو چلانے کے لیے سات رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ کمیٹی 90 روز میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخاب کرانے کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی سطح پر معاملات کو چلائے گی۔ اجلاس میں بنائی جانے والے سات رکنی کمیٹی کے چیئرمین آصف باجوہ صدر پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن جبکہ سیکرٹری کرنل قیصر مصطفٰی ہونگے۔ دیگر ممبران میں سنیٹر غلام علی سینئر نائب صدر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن، شاہ نواز مری صدر بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن، ظفر عباس لک سینئر نائب صدر پاکستان والی بال فیڈریشن، رانا مجاہد علی نائب صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن اور مدثر آرائیں سیکرٹری پاکستان نیٹ بال فیڈریشن شامل ہیں۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے اشتراک سے اسلام آباد میں نیشنل گیمز کے انعقاد کو بھی یقینی بنائے گی۔ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں جن کھیلوں کی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی ان میں اتھلیٹکس فیڈریشن، بیڈمنٹن فیڈریشن، باسکٹ بال فیڈریشن، باکسنگ فیڈریشن، سائیکلنگ فیڈریشن، جمناسٹک فیڈریشن، ہاکی فیڈریشن، جوڈو فیڈریشن، سیلنگ فیڈریشن، سکی فیڈریشن، ٹینس فیڈریشن، ٹیبل ٹینس فیڈریشن، تائیکوانڈو فیڈریشن، والی بال فیڈریشن، باڈی بلڈنگ فیڈریشن، کبڈی فیڈریشن، نیٹ بال فیڈریشن، سکواش فیڈریشن، ٹک آف وار فیڈریشن، ووشو فیڈریشن، بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن، اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن، آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ، نیوی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ، ائرفورس سپورٹس ڈائریکٹوریٹ شامل ہیں۔ سپریم کورٹ آف پاکستان اور ہائیکورٹ لاہور کے فیصلے کے بعد سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے تمام عہدے خالی ہیں ایسے میں معاملات کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لیے کمیٹی بنائی جا رہی ہے جو تمام معاملات کو دیکھے گی۔