”ایٹمی پروگرام“ ایران امریکہ سے براہ راست مذاکرات پر تیار

Feb 04, 2013


میویخ (بی بی سی) ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر صالحی کا کہنا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ ایران کے ایٹمی پروگرام کے تناظر میں براہ راست مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔ علی اکبر صالحی نے یہ بات جرمنی میں ایک سیکورٹی کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بغداد میں امریکہ کے ساتھ کئی بار دو طرفہ مذاکرات کئے ہیں۔ انہوں نے امریکہ کی جانب سے مزید پابندیوں کی دھمکیوں کے حوالے سے مزید کہا کہ یہ دونوں متضاد باتیں ہیں کہ ایک جانب تو آپ کہیں کہ ہم ایران کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات چاہتے ہیں اور دوسری جانب آپ دھمکیاں دیں۔ یہ دونوں باتیں ایک دوسرے کے ساتھ متصادم ہیں اگر امریکہ اچھی نیت کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہے تو ہم بھی اسے سنجیدگی سے لیں گے۔ ایران کے وزیر خارجہ کا یہ بیان امریکی نائب صدر جوبائیڈن کے اس بیان کے اگلے دن سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ایران سنجیدہ ہو تو امریکہ مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے کہا 6 عالمی طاقتوں سے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا جوہری پروگرام سے متعلق عالمی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات 25 فروری کو ہوں گے۔

مزیدخبریں