بلوچستان بحران : جے یو آئی (ف) نے 3 نکاتی فارمولا پیش کردیا‘ شجاعت آج وزیراعظم سے بات کریں گے

کوئٹہ (نوائے وقت نیوز+ایجنسیاں) بلوچستان کا سیاسی بحران حل کرنے کیلئے جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا محمد خان شیرانی نے 3 نکاتی فارمولا پیش کردیا۔ محمد خان شیرانی کے 3نکات پر ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین آج وزیراعظم سے بات کریں گے۔ مولانا شیرانی کے مطابق پہلا نکتہ یہ ہے کہ صوبے کی وزارت اعلی ق لیگ یا پیپلز پارٹی لے لے، جمعیت علمائے اسلام اپوزیشن میں بیٹھے گی۔ دوسرا پوائنٹ یہ ہے کہ صوبے کی وزارت اعلی جمعیت علمائے اسلام کو دے دی جائے، پیپلز پارٹی اور ق لیگ اپوزیشن میں بیٹھ جائیں۔ تیسرا پوائنٹ یہ پیش کیا ہے کہ اگر رئیسانی حکومت بحال کردی جائے تو وہ ایک ہفتے میں ان کے استعفےٰ کی ضمانت دیتے ہیں۔ مولانا محمد خان شیرانی کے پیش کردہ ان نکات پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کے درمیان رابطے اور کوششیں شروع ہوچکی ہیں۔ تجویز کیا گیا ہے کہ معاملہ صدر زرداری، چودھری شجاعت حسین اور اسفند یار ولی مل کر طے کریں۔ واضح رہے حکومت نے بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کی منظوری کیلئے 6 فروری کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا تھا لیکن بیشتر سیاسی جماعتوں کی مخالفت کے پیش نظر اسے ملتوی کردیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن