برمنگھم (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) برمنگھم کے کوئےن الزبتھ ہسپتال کے ڈاکٹرز نے اعلان کیا ہے ملالہ کے دو کامیاب آپریشن کئے گئے ہیں اور وہ ہوش میں ہیں جبکہ ان کی طبیعت بھی مزید بہتر ہو رہی ہے، آپریشن پانچ گھنٹے جاری رہا، غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز کوئےن الزبتھ ہسپتال کے ڈاکٹرز نے بتاےا سوات کی بہادر طالبہ ملالہ ےوسفزئی کی سرجری کامیابی سے مکمل کرلی گئی ہے، پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد ملالہ کو ہوش آگیا ہے اور ملالہ نے ڈاکٹرز اور اہل خانہ سے گفتگو بھی کی۔ ڈاکٹرز نے کہا ملالہ کی کھوپڑی کی ایک مشکل سرجری ہوئی ہے جس میں دس ڈاکٹروں اور نرسوں کی ٹیم نے حصہ لیا۔ ملالہ کے ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ان کی کھوپڑی کے ایک حصے پر خاص طور پر تیار کی گئی ٹیٹانیئم پلیٹ لگائی گئی ۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے سر میں لگنے والی گولیوں کی وجہ سے ملالہ بائیں کان سے سماعت سے محروم ہوگئی تھیں تاہم کھوپڑی کے آپریشن کے بعد ایک اور آپریشن میں ان کے کان میں پیدا ہونے والے خلا میں ایک الیکٹرانک آلہ نصب کیا گیا ہے، ڈاکٹرز کے مطابق ملالہ تیزی سے روبہ صحت ہورہی ہیں تاہم انہوں نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ ملالہ کی مکمل صحت یابی میں کافی عرصہ لگے گا۔
برمنگھم میں ملالہ کا 5 گھنٹے طویل آپریشن، سرجری کامیاب رہی: ڈاکٹرز
Feb 04, 2013