کراچی (این این آئی) حکمراں اتحاد میں شامل جماعتوں کی جانب سے نگراں وزیر اعظم کے ناموں پر غور کے لئے اہم اجلاس رواں ہفتے اسلام آباد میں ہوگا جس کی صدارت صدر مملکت آصف علی زرداری کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ دنوں صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں ملک میں آئندہ انتخابات اور نگراں حکومتوں کے قیام کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں ملک کے آئندہ نگراں وزیراعظم کے لئے مختلف ناموں پر غور کیا گیا تھا تاہم کسی بھی نام پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اتحادی جماعتوں کے رہنماو¿ں سے کہا تھا کہ وہ آئندہ اجلاس تک اپنے اپنے طور پر نگراں وزیر اعظم کے لئے دو دو نام تجویز کریں تاکہ آئندہ اجلاس میں ان ناموں میں سے کسی چار ناموں پر اتفاق رائے کو یقینی بنایا جا سکے۔ صدر نے پیپلزپارٹی کے اہم رہنماو¿ں کو بھی ہدایت کی تھی کہ وہ نگراں وزیراعظم کے لئے چار نام تجویز کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے ناموں پر غور کے لئے آئندہ اجلاس صدر مملکت کی غیرملکی دورے سے وطن واپسی کے بعد رواں ہفتے اسلام آباد میں ہوگا جس میں پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتیں اپنے تجویز کردہ نام پیش کریں گی جس کے بعد وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اپوزیشن جماعتوں سے نگراں وزیراعظم کے لئے مشاورت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے حوالے سے حتمی مشاورت 8 فروری کے بعد شروع ہو گی۔ ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) سے مذاکرات کے لئے پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی مذاکراتی کمیٹی نے سے اپنے رابطوں کا آغاز شروع کر دیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر اسحاق ڈار اور سردار مہتاب عباسی سے رابطے ہوئے ہیں تاہم ن لیگ کی قیادت نے پیپلزپارٹی کی مذاکراتی ٹیم پر واضح کردیا ہے کہ پیپلز پارٹی سے باقاعدہ مذاکرات میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد شروع ہوںگے جو عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب گئے ہوئے ہیں۔
رواں ہفتے زرداری کی زیرصدارت اجلاس میں نگران وزیراعظم کے ناموں پر غور ہو گا
Feb 04, 2013