پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال بیسویں روز بھی جاری ہے تاہم اس کا لائحہ عمل تبدیل کردیا گیا ہے۔ لاہور اورملتان میں ڈاکٹرز احتجاجی کیمپوں سے واپس آؤٹ ڈورز میں آگئے اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر مریضوں کا علاج کررہے ہیں. ملتان میں نشتراسپتال، سول اسپتال اور کارڈیالوجی کے آؤٹ ڈروز میں بھی کام معمول کے مطابق جاری ہے۔ دوسری جانب سروسز اسپتال لاہور کے سامنے وائی ڈی اے نے بھوک ہڑتالی کیمپ لگا لیے ہیں جن میں جنرل کونسل اور ایسوسی ایشن کی قیادت اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کررہی ہے۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کیمپ میں کوئی ڈاکٹراگر بھوک سے مرا تو ذمہ دار وزیراعلٰی پنجاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے کیمپ اکھاڑنے کی کوشش کی تو وہ پر امن رہنےکی ضمانت نہیں دیتے۔ ینگ ڈاکٹرز نے حکومت سے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی، خراب آلات کی فوری تبدیلی، سروس اسٹرکچر کے نفاذ اور گوجرانوالہ کے واقعہ میں ڈاکٹرز کو انصاف کی فراہمی کے مطالبات کیے ہیں۔