اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد پولیس ٹیم نے اڑھائی گھنٹے انتظار کے بعد غداری کیس میں سابق صدر مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرا دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پرویز مشرف 7 فروری کو عدالت میں پیش ہوں گے۔ دو ملازمین نے شخصی ضمانت دیدی۔ پولیس کی 6 رکنی ٹیم ایس پی کیپٹن الیاس کی سربراہی میں اڑھائی گھنٹے اے ایف آئی سی کے استقبالئے پر موجود رہی۔ پرویز مشرف کے وکلا بھی اے ایف آئی سی میں موجود تھے۔ پولیس نے پرویز مشرف کو خصوصی عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری کے احکامات کی تعمیل کرائی۔ پولیس نے خصوصی عدالت کا حکم نامہ اے ایف آئی سی میں پرویز مشرف تک پہنچایا۔ پرویز مشرف کے وکلا نے 25 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کی تفصیلات پولیس کو فراہم کر دیں۔ خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو 25 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی اور پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے۔
غداری کیس: اڑھائی گھنٹے انتظار کے بعد پولیس نے مشرف سے وارنٹ کی تعمیل کروا لی
Feb 04, 2014