کوئٹہ (آن لائن) بگٹی مہاجرین کا 1270 افراد پر مشتمل دوسرا قافلہ سابق رکن صوبائی اسمبلی میر طارق مسوری بگٹی کی قیادت میں ڈولی چیک پوسٹ سے ڈیرہ بگٹی پہنچ گیا۔ قافلے میں 122گاڑیوں پر خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت انکا سازوسامان لادا گیا ہے۔ دو روز قبل کشمور ڈیرہ موڑ سے بگٹی مہاجرین کا قافلہ نوابزادہ شازین بگٹی، میر طارق مسوری بگٹی، میر جلال کلپر بگٹی سمیت دیگر کی قیادت میں ڈولی چیک پوسٹ پر پہنچا تھا جہاں پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ بگٹی قاسم بگٹی نے لیویز اور پولیس سمیت سکیورٹی اداروں کی جانب سے قافلے کے شرکاء کو تحفظ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے موثر انتظامات کر رکھے تھے۔ پہلا قافلہ نوابزادہ شازین بگٹی کی سربراہی میں گزشتہ روز ڈیرہ بگٹی خیروعافیت سے پہنچ چکا ہے۔ دوسرا قافلہ پیر کی شام ڈولی چیک پوسٹ سے میر طارق مسوری بگٹی کی قیادت میں روانہ ہوا ہے۔