لدھا+ میرانشاہ+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ سٹاف رپورٹر) جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا۔ حملے میں 2 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واضح رہے طالبان کے حکومت سے مذاکرات کیلئے نمائندوں کے اعلان کے ایک دن بعد جنوبی وزیرستان میں فوج پر پہلا حملہ کیا گیا۔ عسکری ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کی کوہستانی تحصیل لدھا میں راستہ میں نصب بم کے ذریعہ یہ کارروائی کی گئی جس میں دو سپاہی زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ حکومت اور طالبان نے مذاکرات سے پہلے اگرچہ جنگ بندی کا فیصلہ نہیں کیا لیکن جنوبی وزیرستان میں فضائیہ کی بمباری اور فوج کے گن شپ ہیلی کاپٹروں کے حملوں کی تازہ اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ اسی طرح پشاور کے سینماﺅں میں حملوں کے علاوہ شدت پسندوں کی طرف سے کوئی بڑی کارروائی نہیں کی گئی جس سے امن کے قیام کی جانب اشارے ملتے ہیں تاہم پیر کے روز جنوبی وزیرستان میں فوج پر حملہ سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ شدت پسندوں کے ذیلی گروپوں کو بات چیت کے دائرہ میں لانے تک تصادم کے خدشات برقرار رہیں گے۔