کوئٹہ (این این آئی) وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا توتک سے مسخ شدہ لاشوں کا ملنا افسوسناک ہے، ضلعی انتظامیہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ لاشوں کی رپورٹ آنے کے بعد صورتحال واضح ہوجائیگی۔ منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد وزیراعلی بلوچستان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ ملنے کے بعد ہی حکومت بلوچستان اس حوالے سے موقف دینے کی پوزیشن میں ہوگی۔ وزیراعلی نے نوابزادہ شاہ زین بگٹی سے درخواست کی کہ وہ واپس کوئٹہ آئیں حکومت انکو بحفاظت اور باعزت طریقے سے اپنے آبائی گھر لے جانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا حکومت بلوچستان اس بات پر قائم اور پرعزم ہے کہ کسی کے بنیادی اورآئینی حقوق پامال نہ ہوں مگر شاہ زین بگٹی کی روانگی کے وقت طلال بگٹی اور عالی بگٹی کے بیانات کے بعد ہم نہیں چاہتے کہ وہاں کوئی نیا مسئلہ پیدا ہو۔
توتک سے مسخ شدہ لاشیں ملنا افسوسناک ہے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی: وزیراعلی بلوچستان
Feb 04, 2014