لاہور (نیوز رپورٹر)چین سے آنے والے جیانگسو چیمبر آف کامرس کے تجارتی وفد نے ہائر ایجوکیشن پنجاب کے سیکرٹری اسلم کمبوہ اور چیئرمین نظام الدین سے اُن کے دفاتر میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔وفد کی قیادت جیانگسو چیمبر کی سیکرٹری جنرل مس جیانگ لی نے کی۔ان ملاقاتوں کا اہتمام پاک چین جوائینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کیا ۔سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب کے ساتھ ملاقات کے دوران وفد کی قائدمس جیانگ لی نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ ناصرف اقتصادی حوالے سے بلکہ سماجی ،معاشرتی اور ثقافتی شعبوں میں بھی باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے اور یہ مقصد تعلیم کے شعبے میں مشتر کہ منصوبے تشکیل دے کر ہی پورا کیا جا سکتا ہے۔اُنہوں نے اس ضمن میں باہمی ابلاغ میں حائل زبان کی رکاوٹ کو دور کرنے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان میں چینی زبان اور چین میں اردو زبان کے حوالے سے خصوصی Institutes کھولے جانے چاہئیں ۔سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے وفد کا اپنے دفتر میں گرم جوشی سے استقبال کیا اور تعلیم کے شعبے میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے متعدد تجاویز پیش کیں اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو تعلیم کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کے چینی ماہرین کا تعاون درکار ہے۔
پاکستان کے ساتھ معاشرتی، ثقافتی شعبوں میں بھی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں : سربراہ چینی وفد
Feb 04, 2015