مذاکرات کامیاب ہونے پر پی آئی اے ملازمین کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

کراچی+ کوئٹہ (این این آئی+ نوائے وقت نیوز) پی آئی اے حکام کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے پر ائرلیگ یونین کے ملازمین نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ واضح رہے ائرلیگ کی جانب سے تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے اور ٹیکسوں کیخلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلے میں مختلف ائرپورٹس پر ملازمین نے کام چھوڑدیا اور دھمکی دی تھی کہ شام تک معاملات نہیں سلجھائے گئے تو جناح ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کردیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو بات چیت کی ہدایت کی جس پر پی آئی اے کے چیئرمین نے ایئرلیگ کے نمائندوں سے رابطہ کرکے معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد ائرلیگ نے ہڑتال ختم کرکے کام پر واپس جانے کا اعلان کیا ۔اس ضمن میں ائرلیگ کے قائم مقام صدر نے بتایا کہ ملازمین کے تمام مطالبات مان لئے گئے ہیں جس کا باضابطہ اعلان کردیا جائیگا۔ دوسری جانب وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوابازی شجاعت عظیم نے بتایا کہ ملازمین کے ٹکٹ پر ٹیکس کا ازسرنو جائزہ لیا جائیگا۔ قبل ازیں پی آئی اے ملازمین نے گزشتہ روز کوئٹہ ائرپورٹ سمیت صوبے بھر کے پی آئی اے دفاتر میں ہڑتال کی جس کے باعث پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بھی معطل رہا، بعدازاں انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم کردی گئی۔

ای پیپر دی نیشن