لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ ایجنسیاں) پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں کل 5 فروری بروز جمعرات کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت تمام سرکاری، غیر سرکاری، نجی، صنعتی ادارے بند رہیں گے۔ اس موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائیگا اور لاہور سمیت ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائینگی۔ مختلف شہروں میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی جائے گی اور اقوام عالم سمیت اقوام متحدہ سے کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ بھی کیا جائیگا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان، سٹیٹ بینک بینکنگ سروسز آف پاکستان، تمام شیڈولڈ بینک و مالیاتی ادارے، ملک بھر کی سٹاک ایکسچینج گارنٹیز لمیٹڈ اور تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، لاہور ہائیکورٹ، اس کے ذیلی راولپنڈی، ملتان، بہاولپور بنچز، تمام اضلاع کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس، سول اور دیگر ماتحت عدالتوں میں کل جمعرات 5فروری کو عام تعطیل ہو گی۔ علاوہ ازیں جماعۃ الدعوۃ پاکستان سمیت مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی اپیل پر کل 5 فروری کو آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں سب سے بڑا کشمیر کارواں لاہور میں ناصر باغ سے ہائی کورٹ چوک تک ہو گا جبکہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ساہیوال، ملتان، اسلام آباد، کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، پشاور، مظفر آباد سمیت پورے ملک میں کشمیر کارواں، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سکولز، کالجز، یونیورسٹیز اور دینی مدارس کے طلبائ، وکلائ، تاجروں، صنعتکاروں اور سول سوسائٹی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں ناصر باغ سے جی پی او چوک تک کشمیر کارواں کے اختتام پر ایک بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مختلف مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں کراچی سے پشاور تک ملک کے کونے کونے میں ہونے والے جلسوں، کانفرنسوں اور کشمیر کارواں میں بھرپور انداز میں شریک ہوں۔ علاوہ ازیں مظلوم کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور سمیت ملک بھر میں ریلیاں نکالیں گی اور سیمینار منعقد کئے جائیں گے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں حکمران مسلم لیگ (ن) مسجد شہداء سے اسمبلی ہال چوک تک ریلی نکالے گی جس کی قیادت مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک ایم این اے اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر ایم پی اے کرینگے جبکہ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، یونین کونسلوں کے چیئرمین و وائس چیئرمینوں سمیت مسلم لیگی کارکن ریلی میں شرکت کرینگے۔ پیپلز پارٹی کے زیراہتمام مال روڈ پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دیوان غلام محی الدین کی نگرانی میں احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا جس میں پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو بھی شرکت کرینگے۔ یوتھ فورم کشمیر کے زیراہتمام پنجاب اسمبلی سے پریس کلب تک ریلی نکالی جائے گی اور کشمیر سیمینار بھی منعقد ہو گا جس سے لیاقت بلوچ، شفقت محمود، فتح محمد حسن و دیگر خطاب کرینگے۔