نئی دہلی (رائٹر) وسیع تر فوجی تعاون کے تحت بھارت اور امریکہ کے درمیان بھارت کیلئے مشترکہ طور پر طیارہ بردار جہاز کی تعمیر کے حوالے سے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ یہ بات امریکہ کے چیف آف نیول آپریشنز جان رچرڈسن نے دورہ بھارت کے دوران بتائی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال امریکی صدر بارک اوباما کے دورہ بھارت کے دوران طیارہ بردار جہاز اور جیٹ انجنز بنانے کے حوالے سے بات ہوئی تھی جس کا مقصد علاقے میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت میں توازن پیدا کرنا ہے۔ جان رچرڈ سن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں اس جہاز کی تعمیر، اس کے ڈیزائن کے حوالے سے بات ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ ہم اس جانب مثبت پیشرفت کر رہے ہیں۔ میں اس پیشرفت پر بہت خوش ہوں۔ امید ہے کہ ہم مستقبل میں اس بارے میں مزید کام کر سکیں گے۔ بھارت نے 2014ء میں روس سے پرانا طیارہ بردار جہاز اپنی بحریہ میں شامل کیا تھا جبکہ ایک برطانوی جہاز اس سال ناکارہ ہو جائیگا۔ بھارت خود بھی جہاز بنا رہا ہے جو 2018-19ء میں بحریہ میں شامل ہو جائیگا۔ رچرڈسن نے کہا کہ طیارہ بردار جہاز سے طیاروں کی اڑان کے حوالے سے جدید ترین الیکٹرو میگنیٹک ٹیکنالوجی پر بات ہو رہی ہے۔