اسلام آباد (این این آئی+ آن لائن) سپریم کورٹ نے پی ایس او آئل ٹینکرز سمگلنگ کیس میں ڈی جی نیب، ڈائریکٹر انٹیلی جنس کسٹم اور کلکٹر کسٹم کو نوٹسز جاری کر کے طلب کر لیا ہے۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ پی ایس او نے خود تسلیم کیا ہے کہ 18 آئل ٹینکرز طور خم بارڈر کراس کر گئے، کیا یہ ٹینکرز ہوا میں اڑ کر افغانستان گئے، آئل ٹینکرز کے مالکان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہوئی۔ معاملہ عدالت بھی نہیں بھیجا گیا۔ قائم مقام چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پی ایس او آئل ٹینکرز سمگلنگ کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا، جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ نوٹس جاری کرنے کے باوجود نیب کی طرف سے کوئی پیش نہیں ہوا، آئندہ سماعت پر نوٹس کے باوجود ڈی جی نیب خود نہ آئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، 18 آئل ٹینکرز سمگل ہوئے، جعلی دستاویزات بنیں، آخر کسی کو تو جواب دینا ہو گا، اس سمگلنگ سے ریاستی ادارے کو نقصان پہنچا۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ڈی جی نیب، ڈائریکٹر انٹیلی جنس کسٹمز اور کلکٹر کسٹمز کو طلب کر لیا۔