لاہور (نامہ نگار) گھر میں آتشزدگی سے چار کمسن بہن، بھائی زندہ جل گئے جبکہ ایک بہن شدید زخمی ہو گئی، لاکھوں مالیت کا سامان بھی جل گیا۔ تفصیلات کے مطابق سبزہ زار کے علاقہ ملتان روڈ حسن ٹائون وسیم بلاک کے رہائشی طارق کے تین بیٹے اور دو بیٹیاں 8 سالہ عثمان، 7 سالہ نستعین، 6 سالہ ارسلان، ساڑھے 3 سالہ حنان اور ڈیڑھ سالہ حفصہ بتول مکان کی اوپر والی منزل پر کمرے میں سو رہے تھے جبکہ طارق گھر سے باہر تھا اور اس کی بیوی صدف گھر کے دوسرے حصے میں تھی۔ اس دوران شارٹ سرکٹ کے باعث بچوں کے کمرے میں آگ بھڑک اٹھی جس نے آناً فاناً پورے کمرے کو لپیٹ میں لے لیا۔ جس سے تین بیٹے عثمان، ارسلان، حنان اور بیٹی نستعین کمرے میں ہی زندہ جل گئے۔ امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پایا اور بچوں کی نعشیں کمرے سے باہر نکالیں جبکہ ڈیڑھ سالہ حفصہ بتول بری طرح جھلس گئی جس کو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ بچوں کی ماں سکینہ بھی زخمی ہوئی، قیامت صغریٰ پر والدین پر غشی کے دورے پڑنے لگے جبکہ علاقے کی فضا بھی سوگوار ہو گئی۔ دریں اثناء چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق رحمان ٹائون ہڑپہ سٹیشن میں مظاہر اقبال کی بیوی آسیہ اور ہمشیرہ عابدہ کمرے میں سوئی ہوئی تھیں کہ اچانک جنریٹر خراب ہوکر بند ہو گیا اور گیس لیگ ہونے سے دم گھٹنے کے باعث دونوں جاں بحق ہو گئیں۔ کامونکی سے نامہ نگار کے مطابق محلہ حبیب پورہ کا شیخ خلیل رات کو کمرے میں گیس کا ہیٹر چلا کر سو گیا اور گیس پھیلنے سے دم گھٹنے پر دم توڑ گیا۔