لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت، چین اور ڈنمارک کی کمپنیوں کے مابین جنوبی پنجاب میں 2320 میگاواٹ کے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کے معاہدے طے پاگئے۔یہ معاہدے ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ دو الگ الگ تقاریب میں طے پائے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف تھے ۔پنجاب حکومت اورڈنمارک کے درمیان طے پانیوالے معاہدے کے تحت ڈنمارک کی ونڈ پاور جنریشن کی بین الاقوامی کمپنی ویسٹاز جنوبی پنجاب کے علاقے راجن پور میں 250میگاواٹ کے4ونڈ پاور پلانٹ لگائے گی جبکہ چین کی معروف کمپنی ہیوانینگ شین ڈونگ پاور (Hauneng Shandong)اورپنجاب حکومت کے مابین ہونیوالے معاہدے کے مطابق چینی کمپنی رحیم یار خان میں 660 میگا واٹ کے2کول پاور پلانٹ لگائے گی۔پنجاب حکومت اور ڈنمارک کی کمپنی ویسٹاز(VESTAS) کے مابین ہوا سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے ویسٹاز کے نائب صدر جیراڈ کیریو(Mr.Gerard Carew) کو لیٹر آف انٹنٹ(LOI) دیا، 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس پنجاب میں اعلان کیا گیا تھا کہ جنوبی پنجاب میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے مواقع موجود ہیںاوران علاقوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے جہاں ہوا سے بجلی کے حصول کے پلانٹ لگائے جاسکتے ہیں ۔ونڈ کوریڈور کی نشاندہی میں پاکستان کے ڈنمارک کے سابق سفیر جیسپر مولر سورنسن (Mr. Jesper Moller Sorensen) کابہت تعاون رہا ہے۔ ڈنمارک کی کمپنی نے ہماری بلامعاوضہ مدد کی جس پر ان کے شکرگزار ہیں۔انہی کاوشوں کے نتیجے میں آج پنجاب حکومت اورڈنمارک کی کمپنی ویسٹاز کے درمیان ہوا سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کے منصوبے کے حوالے سے یہ سنگ میل حاصل ہوا ہے۔جنوبی پنجاب میں ہوا سے بجلی کے حصول کے250میگاواٹ کے چار یونٹ لگیں گے اورپہلے مرحلے میں 250میگاواٹ کا یونٹ 2018ء میں مکمل ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کایہ منصوبہ دنیا میں ایک بڑا منصوبہ شمار ہو گا۔ پاکستان سے اندھیرے دور ہوںگے۔انہوں نے کہا کہ میری پاکستان بھر کے سرمایہ کاروں سے د رخواست ہے کہ وہ آگے بڑھیں اورتوانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں میں خادم بن کربھر پور تعاون کروں گا۔پنجاب حکومت اور توانائی کے ادارے ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔ قبل ازیں پنجاب حکومت اورچین کی کمپنی ہیوانینگ شین ڈونگ پاور (Hauneng Shandong) کے مابین 1320میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ لگانے کے معاہدے پر دستخط ہوئے ۔اس منصوبے پر تقریباً2ارب ڈالر سرمایہ کاری ہوگی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری توانائی اسد الرحمان گیلانی اورچین کی کمپنی کے صدر وینگ وین ژونگ (Mr. Wang Wen Zong) نے معاہدے پر دستخط کیے۔وزیراعلی نے کہا کہ دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان سے اندھیرے دور کر دیں گے منصوبے لگنے سے سرمایہ کاری بڑھے گی، لوگوں کو روزگار ملے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے حاصل کی گئی اراضی کے مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کیلئے مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ مالکان کو اراضی پر تعمیر شدہ عمارت کا معاوضہ ، کاروبار کے نقصان کا ازالہ اور رہائش کی منتقلی کے اخراجات کے طو رپر اضافی رقم بھی دی جائے گی۔ پنجاب حکومت نے اراضی کے معاوضے کیلئے 20 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے معاوضے کی فوری ادائیگی کی جائے گی۔ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے حاصل کی جانے والی اراضی کے مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اراضی مالکان کو معاوضے کی ادائیگی میں کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی اور ادائیگی کے عمل میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف سے سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خواتین کو بااختیار بنانے اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سپیکر بلوچستان اسمبلی کا منصب سنبھالنے پر راحیلہ درانی کو مبارکباد دی۔ مزید برآںوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی، پاک افواج کے پیشہ ورانہ امور اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات میں دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) غلام جیلانی مرحوم کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
چین اور ڈنمارک کی کمپنیوں سے جنوبی پنجاب میں 2320 میگاواٹ بجلی کے منصوبوں کے معاہدے
Feb 04, 2016