پاکستان ہاکی فیڈریشن کے آئین میں تبدیلی کی تیاریاں، اجلاس رواں ماہ طلب

Feb 04, 2016

لاہور ( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں ہو رہا ہے۔ اجلاس میں کئی اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کی نئی انتظامیہ فیڈریشن کے آئین میں تبدیلی کی تیاریاں کر رہی ہیں۔ اجلاس میں ایگزیکٹو بورڈ سے اہم فیصلوں کی منظوری لی جائیگی۔ آئین میں تبدیلی کے لیے" کانسٹی ٹیوشن ریویو کمیٹی" ڈسپلنری کمیٹی" سمیت کئی اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ایگزیکٹو بورڈ سے فیڈریشن میں ڈائریکٹر جنرل کے نئے عہدے کی منظوری لی جائیگی۔ سابق سیکرٹری پی ایچ ایف مسرت اللہ کی ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے تعیناتی پر بورڈ اراکین کو اعتماد میں کیا جائیگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے آئین میں ماضی میں کی جانے والی ترامیم کو بورڈ اراکین کے سامنے رکھا جائیگا۔ آئین میں بہتری بالخصوص فنانشل رولز میں تبدیلی کیلئے کام کیا جائیگا۔ ڈسپلنری کمیٹی تشکیل دی جائےگی۔ فیڈریشن میں ڈائریکٹر ہیومن ریسورس، ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈیویلپمنٹ اور قومی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کے ناموں کی منظوری لی جائیگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچنگ ایجوکیشن اور ڈیویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے بھی ایگزیکٹو بورڈ اراکین سے تجاویز کی جائینگی۔ فیڈریشن میں مارکیٹنگ شعبے کے قیام اور سپر ہاکی لیگ پر بھی اراکین سے مشاورت کی جائےگی۔ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شہباز احمد سینئر بورڈ اراکین کو مالی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ فیڈریشن کے سیکرٹری گذشتہ چند ماہ کے دوران کھلاڑیوں کو کی جانیوالی ادائگیوں اور حکومت کی طرف سے ملنے والی خصوصی گرانٹ کی تفصیلات سے بھی آگاہ کریں گے۔

مزیدخبریں