لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)پاکستان کی پہلی بین الاقوامی ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ آج سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو رہی ہے۔لیگ کا افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان دبئی میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کھیلا جائےگا۔مصباح الحق اسلام آباد اور سرفرازاحمد کوئٹہ کی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ ایونٹ میں پانچ ٹیمیں شریک ہیں جن میں کراچی کنگز، لاہور قلندر، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 24 میچ دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان سپر لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کے علاوہ 30 غیر ملکی کرکٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں جن میں انگلینڈ کے کیون پیٹرسن، آسٹریلیا کے شین واٹسن اور شان ٹیٹ، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، لینڈل سمنز، ڈوین براوو اور ڈیرن سیمی، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، مشفق الرحیم اور تمیم اقبال، زمبابوے کے ایلٹن چگمبورا اور افغانستان کے محمد نبی قابلِ ذکر ہیں۔سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور تلکارتنے دلشن سپلیمنٹری کرکٹرز میں شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب کو رنگا رنگ بنانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے دبئی کی ملٹی نیشنل ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں اس موقع پر پاکستانی ٹاپ گلوکار علی ظفر کے ساتھ بین الاقوامی شہرت یافتہ سین پال کی بھی خدمات حاصل کر رکھی ہیں جو پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل گانے پر پرفارم کرینگے۔ پاکستان سپر لیگ انتظامیہ اور گوگل کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت میگا ایونٹ کے تمام میچز سوشل میڈیا یوٹیوب پر بھی دکھائے جائیں گے۔ پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کے ٹاپ برانڈز پاکستان کرکٹ کے ساتھ جڑ رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔ پی ایس ایل کے تمام 24 میچر راہ راست یوٹیوب پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ پی ایس ایل گورننگ کونسل کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہے مجھے بڑی خوشی ہے کہ ایک خواب حقیقت کا روپ دھارنے جا رہا ہے۔ خوشی کی بات ہے کہ گوگل کے ساتھ ہماری پارٹنر شپ قائم ہوئی ہے تاکہ پاکستانی شائقین کرکٹ کو میگا ایوٹنٹس کے میچز براہ راست دیکھنے کا موقع مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیگ کے تمام میچز پی ایس ایل۔ ٹی 20 ڈاٹ کام اور پی سی بی ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے پر بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ ویسٹ انڈین بلے باز پاکستان سپر لیگ کھیلے کیلئے رات گئے دبئی پہنچ گئے۔ وہ لاہور قلندرز کی نمائندگی کرینگے۔