اپوزیشن جماعتیں پی آئی اے پر سیاست چمکانا بند کریں‘ اکبر گجر

Feb 04, 2016

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی جماعتیں پی آئی اے پر سیاست چمکانابند کریں۔پی آئی اے ایک قومی ادارہ ہے جسے تباہی سے بچانے کے لئے وفاقی حکومت نے ایک قابل عمل منصوبہ تشکیل دیا ہے جس میں پی آئی اے کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کی سعی کی جانی ہے اور اس منصوبے میں ملازمین کو روزگار کی ضمانت بھی دی گئی ہے لیکن سیاسی جماعتیں ملازمین میں غلط فہمیاں پھیلا کر انہیںبلاجواز احتجاج پر اکسا رہی ہیں اور انہیںمسلسل مشتعل کیا جارہا ہے تاکہ حالات قابو سے باہر ہوجائیں اور ہنگامے پھوٹ پڑیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے کی آڑ لے کر جمہوریت کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔پیپلزپارٹی ایسے واقعات سے اپنی کرپشن کہانی سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے اورعمران خان اپنی سیاسی ناکامیوں کا بدلہ عوام سے لینا چاہتے ہیں۔عوام نے ان کی دھرنا سیاست کومستردکردیا لیکن انہیں پھر بھی عقل نہیں آئی اور وہ دوبارہ دھرنوں اور احتجاج کی دھونس دے رہے ہیں۔اس بار بھی عوام ان کی احتجاجی سیاست کو ناکام بنا دیں گے اور ثابت کردیں گے کہ وہ مسلم لیگ (ن) اورقائدجمہوریت میں نوازشریف کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔

مزیدخبریں