کسی گروہ یا سرغنہ کو لیاری کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے: ڈی جی سندھ رینجرز

Feb 04, 2017

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ کرائم رپورٹر) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر اور انکی پشت پناہی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا اور کسی بھی گروہ یا سرغنہ کو لیاری کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید نے لیاری کے علاقوں نواں لین، میراناکہ، گبول پارک اور چیل چوک کا دورہ کیا، سیکٹرکمانڈرز نے علاقے کی صورتحال اور آپریشن کے دوران کارروائیوں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر لیاری میں کامیاب آپریشن پرافسران اور جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے گینگ وار کے سرگرم کمانڈر بابا لاڈلہ کیخلاف کامیاب آپریشن پر جوانوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کے عوام خصوصاً والدین اوراساتذہ قیام امن میں اپنا کردار ادا کریں اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کریں اس بات کو یقینی بنائیں کہ علاقے میں دوبارہ بابا لاڈلہ اور عزیر بلوچ جیسا گروپ نہ بن سکے۔ دریں اثناء قانون نافذکرنے والے اداروں کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں۔ رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 56 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر لیا جب کہ ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ پولیس کے مطابق رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں گلبرگ، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، شاہ لطیف ٹائون، لیاری، پاک کالونی اور بلدیہ ٹائون سمیت سولجر بازار میں کارروائیاں کی ہیں۔ گرفتار افراد میں سے 9 کا تعلق سیاسی اور 5 کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے جو ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت دیگر وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ادھر رضویہ کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرکے تین جعلی پولیس اہلکار وں کو گرفتار کر لیا۔ ان میں سلمان خان، سجن اور وجاہت شامل ہیں، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی۔ مومن آباد کے علاقے ضیا کالونی قبرستان کے قریب سے پولیس مقابلے میں ایک ملزم وزیر زخمی ہوا اور پولیس نے اسے اور اس کے ساتھی نسیم کو گرفتار کرکے پستول برآمد کر لئے۔

مزیدخبریں