اسلام آباد‘ پشاور (نوائے وقت رپورٹ + وقائع نگار خصوصی + ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے پانامہ سے بوکھلاہٹ اور فرارکے ڈر سے کراچی سے حیدرآباد نامکمل موٹروے کا افتتاح کر دیا ہے۔ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نوازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا وزیراعظم پانامہ لیکس کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اس سے راہ فرار چاہتے ہیں اسی لئے کراچی سے حیدرآباد کے نامکمل موٹروے کا افتتاح کر دیا ہے۔ پشاور میں انٹرنیشنل گائنی کانفرنس سے خطاب کرتے عمران خان نے کہا کہ ملک میں غریب کو انصاف نہ ملنا افسوسناک ہے‘ لیکن سرکاری اداروں کی جانب سے طاقتوروں کی کرپشن کا دفاع کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ پانامہ کیس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ ایک نیا پاکستان بنائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ہیلتھ کارڈ پورے خیبر پی کو دینے کا اعلان کر دیا۔ خیبر پی کے حکومت نے پورے پاکستان میں مثال قائم کی ہے۔ خیبر پی کے میں 34 ہزار بچے پرائیویٹ سکولوں سے سرکاری سکول میں آئے۔ دنیا میں میرٹ کا نظام ہو تو ادارے ترقی کرتے ہیں۔ خیبر پی کے تمام صوبوں کیلئے مثال بنے گا۔ امیر اور غریب بچوں کیلئے ایک جیسا تعلیمی نظام ہونا چاہئے۔ ہم نے صحت اور تعلیم میں سب سے زیادہ بجٹ بڑھایا۔ خیبر پی کے کا 93 فیصد ریونیو وفاق سے آتا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سربراہ تحریک انصاف نے ایک ٹوئٹ میں امید کا اظہار کیا کہ طبقاتی نظام کا ختم نہ ہونا ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جبکہ ہو سکتا ہے آئندہ سال وفاق میں ہماری حکومت ہو۔ اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اخبار میں خبر کو دیکھ کر دکھ ہوا جس میں 2 افراد کو بری کیا گیا۔ ان میں سے ایک کو پھانسی ہو چکی اور دوسرا 2 سال قبل جیل میں فوت ہوچکا۔ تاہم ہم انصاف کا ایسا نظام لائیں گے کہ اربوں روپے کی چوری کرنے والا کٹہرے میں کھڑا ہوگا۔ سپریم کورٹ میں جاری پانامہ کیس کا نتیجہ صرف یہی ہوگا کہ ملک بھر میں یکساں انصاف کا نظام نافذ ہو جائے گا۔ ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق نے کہا کہ نوازشریف نے قوم پر جو ظلم کیا‘ اس کا خمیازہ آئندہ کئی نسلیں بھگتیں گی لہٰذا نوازشریف قوم کو جاہل تصور کرنا اور جھوٹ بولنا بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے زراعت کا جنازہ نکال دیا ہے۔ جی ڈی پی کے 60 فیصد سے زیادہ قرضے لے چکے ہیں اور روزانہ 7 ارب قرض لیکر 4 ارب سو ادا کرتے ہیں۔ نعیم الحق نے کہا کہ آپ کو خدشہ ہے کہ تعلیم اور روزگار دیا تو قوم ان کے خاندان کے غلامی سے نکل جائے گی۔ انہوں نے کہا آپ پہلے پانامہ کا حساب دیں اور پھر جی بھر کر فیتے کاٹیں۔
عمران
:::نوازشریف بوکھلاہٹ کا شکار‘ آئندہ سال وفاق میں ہماری حکومت ہو سکتی ہے : عمران
Feb 04, 2017