پنجاب حکومت کا بچوں پر تشدد اور زیادتی کی روک تھام کیلئے 8 فروری کوتحفظ یوم اطفال منانے کا فیصلہ

راولپنڈی (محمد رضوان ملک / نیوزرپورٹر) پنجاب حکومت نے صوبے میں بچوں پر تشدد اور زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لئے تحفظ یوم اطفال منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس حوالے سے ابتدائی طور پر عوام میں شعور اور آگاہی پید ا کرنے کے لئے آٹھ فروری کو صوبے بھر میں یوم تحفظ اطفال منایا جائے گا۔ سیکرٹری سکول پنجاب ڈاکٹر اللہ بخش ملک کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق آٹھ فروری کو صوبے بھر میں واک اور سیمینارز ہوں گے جس کا مقصد عوام ،والدین اور عام پبلک کو آگاہی فراہم کرنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دیں۔سیکرٹری تعلیم پنجاب کی جانب سے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس دن کو کامیاب بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں تاکہ بچوں پر بڑھتے ہوئے تشدد کے حوالے سے عوام میں شعور و آگاہی پیدا کی جاسکے۔ اس موقع پر حکومت پنجاب اور ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے پنجاب کے تمام سکولوں اور مساجد میں بچوں کے تحفظ کے حوالے سے میٹریل تقسیم کیا جائے گا اور اس کے بعد 8 فروری کو یہ دن ہمیشہ منایا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن