لا ہور (اپنے نامہ نگار سے ) ادا کارہ میرا کے شوہر ہونے کا دعوی کرنے والے شخص نے آخر کار عدالت میں 9 برس بعد اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔فیملی عدالت میں معروف اداکارہ میرا کے نکاح کے حوالے سے کیس کی سماعت کی گئی۔فیملی جج بابر ندیم نے اداکارہ میرا کے تنسیخ نکاح کے دعو یٰ کی سماعت کی۔میرا کے شوہر کے دعوے دار عتیق الرحمان نے 9 برس بعد اپنا بیان قلمبند کرا دیا۔ عتیق نے کہا کہ اسکا نکاح مکہ کالونی کی یونین کونسل میں درج ہے اور نکاح گواہوں کی موجودگی میں ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا اپنی بیوی میرا سے بے حد پیار کرتا ہوں اور اسکے بغیر نہیں رہ سکتا۔ لاہور کی یونین کونسل 98 مکہ کالونی کے سیکرٹری سے فاضل عدالت جواب طلب کر چکی ہے۔ اداکارہ میرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عتیق الرحمان نامی شخص نے اس کے ساتھ نکاح کرنے کا ڈرامہ رچایا اور وہ صرف اداکارہ کی شہرت کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ عتیق الرحمان کا پیش کردہ نکاح نامہ کسی یونین کونسل میں رجسٹرڈ نہیں ہے۔ جس پر عدالت نے نکاح نامہ رجسٹرڈ ہونے کی تصدیق کے لئے متعلقہ یونین کونسل کے سیکرٹری سے جواب طلب کیا ہے۔ فاضل عدالت نے مزید سماعت دو یوم کے لئے ملتوی کرتے ہوئے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ کیس کا فیصلہ رواں ماہ کے آخر تک سنا دیا جائے گا۔